پاک فضائیہ کے JF-17تھنڈرز کی اے پی ایس پشاور کے شہداء اورپر عزم طلباء کو منفرد اندا ز میں سلامی، نچلی سطح پر پرواز کرتے ہوئے فضائیہ کے تین تھنڈر طیاروں نے شہداء کو سلامی پیش کی

ہفتہ 17 جنوری 2015 08:13

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی خصوصی ہدایات پر پاک فضائیہ نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء اور پر عزم طلباء کو خراج ِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک انوکھا طریقہ اختیار کیا۔ نچلی سطح پر پرواز کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے تین JF-17 تھنڈر طیاروں نے APSپشاور کے شہداء کو سلامی پیش کی۔ طلباء، اساتذہ اور والدین کی ایک بڑی تعداداس منفرد واقع کے وقت وہاں موجود تھی جنہوں نے پاک فضائیہ کے JF-17تھنڈرز کا فلائی پاسٹ دیکھا۔

تھنڈرز کی فارمیشن نے جس تیز رفتاری کے ساتھ بم برسٹ کا مظاہرہ کیا جس نے شرکاء کو بہت متاثر کیا۔ جیسے ہی طیارے آنکھوں سے اوجھل ہوئے پر عزم طلباء نے جذباتی انداز میں پاکستان اور پاک فضائیہ کے حق میں نعرے لگانے شروع کر دیئے۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردانہ حملے کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ اجراء پر طلباء اور اساتذہ کے حوصلے اور ہمت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ APSکے شہداء کی عظیم قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیگی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ قوم کے شانہ بشانہ ملکی دشمنوں کے خلاف لڑے گی۔ یہ فلائی پاسٹ پاک فضائیہ کے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا غیر مبہم اظہار ہے اورپاک فضائیہ ضربِ عضب میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔ فلائی پاسٹ کے اختتام پر طلباء نے ایک نئے جوش اوردہشت گردی کو جڑسے اکھاڑنے کے عزم کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔ طلباء اور اساتذہ نے پاک فضائیہ کی اس کاوش کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا جو کہ آنے والے وقتوں میں پوری قوم کو یاد رہے گا۔ پاک فضائیہ نے یہ منفرد ایونٹ APS پشاور پر ہونے والے ظالمانہ حملے کے ایک ماہ کے قومی سوگ کے بعد پیش کیا