حج ایڈوائزری کمیٹی نے حج 2015ء کے پہلے مرحلے کا کام شروع کردیا، مارچ تک حتمی ڈرافٹ تیار ہونے کا امکان، حج 2015ء مثالی ہوگا، گزشتہ سال کی نسبت زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے، 2014ء کے حکومتی اقدامات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہاگیا، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمدیوسف

جمعہ 16 جنوری 2015 09:08

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء )حج ایڈوائزری کمیٹی کے حج 2015ء کے پہلے مرحلے کا کام شروع کردیا، مارچ تک حتمی ڈرافٹ تیار ہونے کا امکان، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمدیوسف نے کہاہے کہ حج 2015ء مثالی ہوگا، گزشتہ سال کی نسبت زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے، 2014ء کے حکومتی اقدامات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہاگیاہے ۔

حج ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس جمعرات کے روز وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت وزارت کے صدر دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئرمین حافظ حمداللہ ، اراکین قومی اسمبلی اکرم انصاری ، شگفتہ جمانی ، وزارت قانون وانصاف و انسانی حقوق ،ایویشن ڈویژن ، پرائیویٹ حج ٹوور آپریٹرز کے نمائند وں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حج 2015ء کے حوالے سے پالیسی پر غور وخوض کیا گیا۔جس میں حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہمی کے لیے اقدامات اٹھانے پر بات چیت ہوئی ۔ذرائع نے ”خبر رساں ادارے “کو بتایاکہ حج ایڈوائزری کمیٹی نے حج 2015ء کے حوالے سے پہلے مرحلے کا کام شروع کردیاہے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں ہونیوالی ورکشاپس میں آنے والی سفارشات کا جائزہ لیاگیا اور ان میں متفق سفارشات کو حج پالیسی2015ء میں شامل کرنے بارے غور کیاگیاہے۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ حج پالیسی 2015ء کو مارچ تک مکمل کرلیا جائے اور حتمی شکل دیدی جائے تاکہ اس کے بعد اگر ا س پر کسی جانب سے کوئی اعتراض ہو تو اسے بروقت دورکرکے حج پالیسی پر عملدرآمد شروع کردیا جائے۔ قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ حج2014ء کے حکومتی اقدامات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیاہے۔

اگلے سال بھی حجاج کرام کو بہترسے بہتر سہولیات دی جائیں گی اور اس کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حجاج کرام ہمارے سفیر اور پاکستان کا انتہائی محترم طبقہ ہیں اور موجودہ حکومت حجاج کی بہتری کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے اور ملکی تاریخ میں گزشتہ سال کے حج انتظامات کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ حج کے دوران پہلے سے بھی زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :