انتخابی اصلاحات اور تحریک انصاف کی جانب سے چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت اپریل کے دوسرے ہفتے تک ملتوی ،سپریم کورٹ کے انتخابی اصلاحات مقدمے کے فیصلے پر عملدرآمد کرانا وفاقی حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے‘ عدالت ان سے جواب طلب کرے ،وفاق کا موقف

جمعرات 15 جنوری 2015 08:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2015ء) سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات اور تحریک انصاف کی جانب سے چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت اپریل کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی جبکہ وفاق نے انتخابی اصلاحات عملدرآمد کیس میں جواب داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے انتخابی اصلاحات مقدمے کے فیصلے پر عملدرآمد کرانا وفاقی حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے‘ عدالت ان سے جواب طلب کرے یہ جواب اٹارنی جنرل آف پاکستان کی جانب سے بدھ کے روز جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے روبرو جمع کرایا ہے۔

(جاری ہے)

جواب ایک صفحے پر مشتمل ہے۔ سپریم کورٹ نے 2 دسمبر 2014ء کو اپنے فیصلے پر عملدرآمد بارے وفاق اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کررکھا تھا۔ عدالت نے انتخابی اصلاحات اور چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کے تصدیق کرانے کے مقدمات کی سماعت ریلوے گالف کلب کیس کی سماعت کی وجہ سے اپریل کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔ تحریک انصاف کی جانب سے حامد خان سمیت دیگر فریقین کمرہ عدالت میں موجود تھے۔