پاکستان پہلے غلطی کا اعتراف کرے پھر بات چیت شروع ہو گی‘ منوہر پاریکر،دراندازی کو روکنے کیلئے فوجی کارروائی کے ساتھ سفارتی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں‘ بھارتی وزیر دفاع کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 15 جنوری 2015 08:35

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2015ء)بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ سیز فائر کی خلاف ورزی اور دہشت گردوں کی دراندازی کو بڑھاوا دینے کی غلطی تسلیم کرنے کے بعد ہی پاکستان سے بات چیت شروع ہو گی۔ بھارتی میدیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور دہشت گردوں کی دراندازی کرانے کی کوشش سے وہ کسی طرح باز نہیں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان جب تک اپنی ان غلطیوں کا اعتراف کر کے اس میں اصلاح نہیں کرے گا تب تک اس سے کوئی بات چیت شروع نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کے باوجود بین الاقوامی سرحد پر چھ مہینے میں فرق نظر آئے گا لیکن انہوں نے اس فرق کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔ پاریکر نے دعویٰ کیا کہ ہندوستانی فوج کے سخت جواب کی وجہ سے بین الاقوامی سرحد پر دراندازی میں کمی آئی ہے۔ سرحد پار سے دراندازی کر کے جموں و کشمیر میں آنے والے دہشت گردوں کی تعداد میں 65 سے 70 فیصد کی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراندازی کو روکنے کے لئے فوجی کارروائی کے ساتھ ساتھ سفارتی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں لیکن سفارتی کوششوں کو منظر عام پر نہیں لایا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :