شہباز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس،کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کی شرکت، دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمدکیلئے فوری اقدامات پر اتفاق ، موجودہ صورتحال میں غیرمعمولی اقدامات ضروری ہیں،اپنی نسلوں کو پرامن پاکستان دینے کی ذمہ داری ہر صورت پوری کرینگے،پاکستان کی بقاء کیلئے میدان میں نکلنے کا وقت آگیا ہے، معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو دہشتگردی کیخلاف متحد کر دیا ہے،اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے ناسور کا خاتمہ کریں گے،وزیراعلیٰ کااجلاس سے خطاب، صوبے میں سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

جمعرات 15 جنوری 2015 08:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمدکیلئے فوری اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے کے بعد فوری فیصلے کئے گئے جن پر عملدر آمدکے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ صورتحال میں غیرمعمولی اور فوری اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو یک جان د وقالب کر دیا ہے۔معصوم بچوں کو جس بے دردی سے شہید کیا گیا ایسی بربریت اور درندگی کی مثال عصر حاضر کی تاریخ میں نہیں ملتی۔پاکستان کی سیاسی، عسکری اور دینی قیادت دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ کے اس نازک اور اہم موڑ پر ہم سب پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

پاکستان کی بقاء کی جنگ جیتنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں ، ان کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے اور اپنی نسلوں کو محفوظ او رپرامن پاکستان دینے کی قومی ذمہ داری ہر صورت ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین تربیت یافتہ اور ڈسپلنڈ فورس ہے۔ افواج پاکستان کے افسران، جوانوں، پولیس افسروں، اہلکاروں اور عام شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں جن پرپوری قوم کو بجاطورپر فخر ہے۔

اقوام عالم میں ایسی لازوال قربانیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے اورہر محاذ پر دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو شکست فاش دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے پاکستان سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے ناسور کا خاتمہ کریں گے اور سفاک درندوں کو پاکستان میں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی،پاکستان کی بقاء کیلئے میدان میں نکلنے کا وقت آگیا ہے۔

انشاء اللہ تاریخ کا دھارا بدل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔اجلاس کے دوران صوبے میں سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں صوبے میں سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی غورکیا گیا۔