ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر شدید احتجاج‘ نئے صوبے بنانے کا مطالبہ

بدھ 14 جنوری 2015 08:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء) ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر شدید احتجاج‘ نئے صوبے بنانے کا مطالبہ۔ منگل کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی الیکشن نہیں کروارہی۔ لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں لیکن ہمیں ترقی میں شامل نہیں کیا جارہا۔

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل 148 کے تحت سندھ میں بلدیاتی انتخابات ہونی چاہئیں مگر سندھ حکومت یہ انتخابات نہیں کروارہی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر نمبر آف گیم کے تحت کھیل کھیلا جاتا ہے۔ اپوزیشن اور حکومت ایک دوسرے پر تنقید کرتے ہیں مگر ہم وقت کی نزاکت کے مطابق مطالبہ کررہے ہیں کہ نئے صوبے بنائے جائیں اور بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ ہماری فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ کراچی سندھ کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ہے۔ دل جلتا ہے تو آواز نکلتی ہے۔ ہماری کہیں بھی شنوائی نہیں ہورہی۔ بلدیاتی الیکشن وقت کی ضرورت ہیں اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔