امریکی قونصلیٹ پر حملے کے ملزم ذوالفقار کی پھانسی امریکی خواہش پر ہوئی ، امریکی وزیرخارجہ کے دورہ کے موقع پرباور کرایا گیا کہ پاکستان دہشت گردوں کیخلاف ٹھوس اقدامات کررہا ہے ،امریکی صحافی ڈینئل پرل کے قاتل اور امریکی قونصلیٹ پر حملے کے ملزم کو پھانسی نہ دیے جانے پر امریکی سفیرنے تحفظات ظاہر کیے تھے

بدھ 14 جنوری 2015 08:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء ) امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے موقع پر امریکی خواہش کے مطابق امریکی قونصلیٹ پر حملے میں ملوث سزائے موت کے قیدی ذوالفقار کو اڈیالہ جیل میں پھانسی دی گئی ۔وزارت خارجہ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ وزارت خارجہ پر مسلسل دباو بڑھا رہا تھا کہ امریکی قونصلیٹ پر حملے کے ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے جبکہ امریکی صحافی ڈینئل پرل کے قاتل کو بھی پھانسی دینے کیلئے امریکہ کی جانب سے حکومت پاکستان سے رابطے جاری تھے اس حوالے سے پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے مشیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ سے ملاقاتیں بھی کیں جبکہ امریکہ نے اپنے سفارتخانے کے ذریعے حکومت پاکستان کو اپنے مطالبہ سے آگاہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں پھانسی کی سزا بحال ہونے پر امریکہ مسلسل پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ میں تھا جبکہ پاکستان کی جانب سے بعض قانونی پیچیدگیوں کے باعث عملدرآمد میں تاخیر کے حوالے سے امریکہ کو آگاہ کیا گیا تھا جس پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزارت خارجہ سے اپنے تحفظات بھی ظاہر کیے تھے تاہم گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے موقع پر ملک کی اعلی حکومتی شخصیت کی ہدائت پر امریکی قونصلیٹ پر حملے کے ملزم ذوالفقار کی پھانسی کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے موقع پر امریکہ کو باور کرایا جاسکے کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں سنجیدہ ہے اور آنے والے دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :