پاکستان کرکٹ بورڈ کی آئی سی سی سے سعید اجمل کے ٹیسٹ کی درخواست کر دی

منگل 13 جنوری 2015 08:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بائیو مکینیکل ٹیسٹ کی تایخ مقرر کرنے کی درخواست کردی ۔ آف اسپنرکے ایکشن کی جانچ کے لیے کونسل اپنا نمائندہ مقرر کرے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پی سی بی کو آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے معطل آف اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے بائیو مکینیکل ٹیسٹ کی تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کردی ہے۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق انہیں اب آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے۔ آف اسپنر کے ایکشن کی جانچ کے لیے اپنا نمائندہ مقرر کرے گی۔ تاریخ اور لیبارٹری کا تعین بھی کرکٹ گورننگ باڈی کرے گی۔ذرائع کے مطابق سعید اجمل کو نئے ایکشن سے کلیئر ہونے کا پورا یقین ہے جس کے بعد بورڈ نے اسٹار بولر کو بھرپور انداز میں سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق سمیت پینل ان دنوں سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستی پر کام کررہا ہے اور پینل میں شامل ماہرین نے بھی نئے ایکشن کے ساتھ آف اسپنر کے کلیئر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

تاہم ان کی بولنگ ماضی کی طرح موٴثر ہوگی یا نہیں اس بارے میں کچھ کہنے سے گریز کیا۔سعید اجمل دوسرا گیند کروانے پر پھر رپورٹ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لیے وہ کیرم بال میں مہارت کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ جس میں بولردرمیانی انگلی سے تیز اسپن بال کرواتے ہیں۔ سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے سب سے پہلے اس گیند سے شہرت حاصل کی تھی۔ بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون بھی یہ بال انٹرنیشنل کرکٹ میں مہارت سے کرواتے ہیں۔ سعید اجمل ایک دو روز میں انگلینڈ روانہ ہو رہے ہیں جہاں پرستار فیصل آباد میں ان کی اکیڈمی کے لیے فنڈز کے حصول کے لیے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ آف اسپنر بائیو مکینیکل ٹیسٹ بھی بھارت کے بجائے انگلینڈ میں کروانا چاہتے ہیں۔