ملک بھرمیں بیشتر سرکاری ونجی تعلیمی ادارے کھل گئے ،کھلنے والے اسکولوں میں پشاور کا آرمی پبلک اسکول بھی شامل ہے جسے دہشت گردوں کے حملے کے بعد بند کردیا گیا تھا‘بلوچستان میں سرما کی تعطیلات مارچ تک جاری رہیں گی،لاہور میں تمام مشنری تعلیمی ادارے جمعرات تک بند رہیں گے

منگل 13 جنوری 2015 08:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2015ء)موسم سرماکی تعطیلات کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں بیشتر سرکاری ونجی تعلیمی ادارے کھل گئے۔ بلوچستان میں سرما کی تعطیلات مارچ تک جاری رہیں گی۔ پشاور، کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد کے علاوہ کئی شہروں کے بیشتر اسکول کھل گئے ہیں البتہ اب بھی کئی اسکول ایسے ہیں، جو بند ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اسکولوں کی حفاظت کیلیے ابھی مناسب انتظامات نہیں کیے ہیں۔

کھلنے والے اسکولوں میں پشاور کا آرمی پبلک اسکول بھی شامل ہے۔ جسے دہشتگردوں کے حملے کے بعد بند کردیا گیا تھا۔پشاور میں پولیس نے13سو سے زائدنجی اسکولوں کو سیکورٹی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنزمیاں سعید کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکولوں نے پولیس سے این او سی حاصل کیے بغیراسکول کھولے تھے۔

(جاری ہے)

ادھر لاہور کے تمام مشنری تعلیمی ادارے جمعرات تک بند رہیں گے جبکہ سکیورٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر ڈی ایچ اے کے دو تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا۔

لاہور میں موجود کیتھڈرل سکولز ، سینٹ انتھونی ، انجمن حمایت اسلام کالج برائے خواتین اور دیگر تمام مشنری سکولز پیر کو نہیں کھل سکے ، سکیورٹی انتظامات نامکمل ہونے پر مشنری اداروں کی انتظامیہ نے جمعرات تک کی مہلت لی ہے جس کے بعد سکیورٹی کلیئر کرنے پر انہیں کھول دیا جائے گا۔ پولیس نے ڈیفنس میں واقع ڈگری کالج فار گرلز اور ڈویڑنل پبلک سکول جونیئر سیکشن کو انتظامات مکمل نہ ہونے پر بند کر دیا ہے۔ ان اداروں میں آنے والے طلبا و طالبات کو واپس گھروں میں بھیج دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :