اس وقت سب سے بڑا مسئلہ عالمی معیشت کو پٹڑی پر لانا ہے،نریندر مودی،مودی کا ’میک ان انڈیا‘ نعرہ دنیا کے لیے ہر طرح سے جیت ہے،جان کیری

پیر 12 جنوری 2015 06:15

احمدآباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس وقت دنیا کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ عالمی معیشت کو پٹڑی پر لانا ہے۔مودی نے یہ بات بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر میں ساتویں وائبرینٹ گجرات کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی ۔انھوں نے کہا کہ مسلسل کوشش اور جامع ترقی کے بل بوتے پر دنیا کی معیشت کو پٹری پر لایا جا سکتا ہے۔

انھوں نے بھارت میں تجارت کو سہل بنانے کا وعدہ کیا۔کانفرنس میں بھوٹان اور میسیڈونا کے وزرائے اعظم کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری سمیت کئی غیر ملکی لیڈر شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقعے پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ نریندر مودی کا ’میک ان انڈیا‘ نعرہ دنیا کے لیے ہر طرح سے جیت ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بان کی مون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیر اعظم ایک مخصوص توانائی لائے ہیں اور گجرات کو امکانات، تبدیلی اور توانائی کا مترادف بنا دیا ہے۔‘نریندر مودی نے کہا کہ ’بھارت میں دنیا کی ترقی کا انجن بننے کی صلاحیت ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا ہندوستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے قرار ہے۔اس میں ہندوستانی اور دنیا کی 50 سے زیادہ کمپنیوں کے سی ای اوز بھی شرکت کر رہے ہیں۔‘امریکہ، کینیڈا اور جاپان سمیت آٹھ ممالک وائبرینٹ گجرات کانفرنس میں شرکت ہو رہے ہیں۔اس کانفرنس سے یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ گجرات میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوگی اور تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ کانفرنس کا مقصد بھی مجموعی طور پر یہی ہے۔

متعلقہ عنوان :