پیرس حملے میں ملوث سیاہ فام شخص داعش کا رکن تھا

پیر 12 جنوری 2015 06:12

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء)پیرس میں ایک خاتون پولیس افسر کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے اور یہود کے ملکیتی سپر اسٹور میں دھاوا بولنے سیاہ فام امیدی کولیبالی کے مشابہ ایک شخص کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں وہ خود کو عراق اور شام میں برسرپیکار جنگجو گروپ دولت اسلامی کا رکن بتا رہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ویڈیو کولیبالی کی پیرس میں سپر اسٹور میں فرانسیسی پولیس کی کارروائی میں ہلاکت کے دو روز بعد اتوار کو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وہ آن کیمرا کَہ رہا ہے کہ وہ پولیس کے مقابلے میں سامنے آیا تھا۔تصویر کے اوپر پوسٹ تحریر میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اس نے پیرس کے جنوب میں گذشتہ جمعرات کو ایک خاتون پولیس اہلکار کو قتل کیا تھا اور اس سے ایک روز بعد سپر مارکیٹ پر حملہ کیا تھا۔یہودیوں کے ملکیتی اس گراسری اسٹور میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کولیبالی اور اس کے ہاتھوں یرغمال چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔فرانسیسی پولیس نے پیرس کے شمال مشرقی علاقے میں چارلی ہیبڈو کے دفتر پر حملے میں مطلوب دونوں مشتبہ بھائیوں کو ہلاک کرنے کے بعد یہود کے ملکیتی گراسری اسٹور میں دھاوا بولا تھا۔

متعلقہ عنوان :