فوجی عدالتیں ہر مسئلے کا حل نہیں،ڈاکٹر فاروق ستار، مقامی حکومتیں اور کمیونٹی پولیس کا نظام ناگزیر ہو گیا ہے،سندھ پولیس ہر جگہ نہیں پہنچ سکتی ہمیں دہشت گردوں سے لڑنے کا حق دیا جائے،رہنما ایم کیو ایم

اتوار 11 جنوری 2015 10:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ فوجی عدالتیں ہر مسئلے کا حل نہیں ، مقامی حکومتیں اور کمیونٹی پولیس کا نظام ناگزیر ہو گیا ہے،سندھ پولیس ہر جگہ نہیں پہنچ سکتی ہمیں دہشت گردوں سے لڑنے کا حق دیا جائے۔ہفتہ کو کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے فوجی عدالتوں کے حق میں ووٹ دیا ہے لیکن فوجی عدالتیں ہر مسئلے کاحل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں مقامی حکومتیں اور کمیونٹی پولیس کا نظام ناگزیر ہو گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کمیونٹی پولیس ہوگی تو ہم اپنا دفاع کر سکیں گے۔ کمیونٹی پولیس کا نظام ہر ضلع میں ہونا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ سندھ پولیس ہر جگہ نہیں پہنچ سکتی ہے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ ہمیں دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ اس مقصد کے لئے ہمیں ہر محلے میں چوکیداری کا نظام قائم کرنا ہوگا۔ سکولوں کی حفاظت کے لئے مقامی رضاکاروں کو تیار کیا جائے۔