پاکستان کو کیری لوگر بل کے 3.3ارب کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے امریکہ کی مشروط آمادگی، امریکی خواہش پر حقانی نیٹ ورک سمیت تمام کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کی جائے گی ، مدارس کے فنڈز کی مانیٹرنگ اور ان کی رجسٹریشن کیلئے موثر اقدامات کئے جائینگے، پاکستان کی یقین دہانی

اتوار 11 جنوری 2015 10:20

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11جنوری۔2015ء ) امریکہ نے پاکستان کو کیری لوگر برمن بل کے 3.3ارب ڈالر کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کردی ہے جبکہ حکومت پاکستان نے امریکہ کو یقین دہانی کرادی ہے کہ وہ تمام کالعدم تنظیموں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کریگی ، حقانی نیٹ ورک کیخلاف بھی امریکی انٹیلی جنس شیئرنگ کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، وزارت خارجہ کے اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان سے قبل دونوں ملکوں کے مابین بہت سے امور پر بات کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے پاک بھارت تعلقات سمیت دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کے حوالے سے موثر حکمت عملی اپنانے کے سلسلے میں امریکہ کے ساتھ معاملات طے کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امریکہ نے پاکستان کو کیری لوگر بل کے بقایا جات جو 3ارب 3کروڑ ڈالر ہیں کی ادائیگی جبکہ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے 250ملین ڈالر جاری کرنے کے لئے تمام کالعدم تنظیموں کے قلع قمع ، ان کے اکاؤنٹس منجمند کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سوشل نیٹ ورک کو حکومتی سرپرستی میں لینے سمیت دیگر مطالبات حکومت پاکستان کے سامنے رکھے ہیں جس پر وزارت خارجہ پاکستان کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ تمام کالعدم تنظیموں ، مدارس کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گی ۔

مدارس میں پڑھائے جانے والے متنازعہ نصاب کو تبدیل کیاجائے گا تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا جبکہ ان کی مانیٹرنگ کیلئے اعلیٰ سطحی نظام متعارف کرایا جائے گا اور ایک موثر نظام کے تحت ان کے معاملات کو دیکھا جائے گا ۔ یاد رہے کہ امریکہ نے 2010ء میں پاکستان کو کیری لوگر بل کی مد میں 7.6ارب ڈالر پانچ سال میں ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن امریکی نظر میں پاکستان طے شدہ معاہدہ کے مطابق ان شرائط پر پورا نہیں اتر سکا جس کی وجہ سے 3ارب 30کروڑ ڈالر کی رقم پاکستان کو ادا کی جانی ہے اور یہ رقم 2015ء میں اگر ادا نہ کی گئی تو کیری لوگر بل کی قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی اور پاکستان خطیر رقم سے محروم ہوجائے گا ۔

یہ وجہ ہے کہ حکومت پاکستان کی خواہش ہے کہ جون سے قبل امریکہ سے کیری لوگر بل کے بقایا جات حاصل کرلئے جائیں ۔