سکھر شہر میں کچرا دو، پیسے لو کے نام سے مہم شروع کی جارہی ہے ،عبدالمجید پٹھان،مہم کا مقصد شہر کو صاف و ستھرا رکھنا اور شہریوں میں شعور بیدار کرنا ہے کچرے کی خریداری پہلے مرحلہ میں ایوب گیٹ ، بندرروڈ ، اور تھرمل کالونی پرانا سکھر کے مقامات پر ڈپو قائم کئے جائیں گے ،ایم ڈی نساسک

جمعہ 9 جنوری 2015 08:17

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جنوری۔2015ء)ایم ڈی نساسک عبدالمجید پٹھان نے کہا ہے کہ شہر میں( کچرا دو، پیسے لو) کے نام سے مہم شروع کی جارہی ہے جس کا مقصد شہر کو صاف و ستھرا رکھنا اور شہریوں میں شعور بیدار کرنا ہے کچرے کی خریداری پہلے مرحلہ میں ایوب گیٹ ، بندرروڈ ، اور تھرمل کالونی پرانا سکھر کے مقامات پر ڈپو قائم کئے جائیں گے جہاں پر شہریوں سے ایک روپے کلو کے حساب سے کچرا خریدا جائے گا سکھر کے عوام کو صاف و شفاف پانی کی فراہمی کے لئے لینس ڈواؤن پل بھکر آئی لینڈ کے مقام پر پائن لائن بچھانے کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے ا یم ڈی نساسک کا چارج صرف سکھر اور یہاں کے عوام سے ملنے والی محبت کی وجہ سے لیا ہے شہر کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے میں اس شہر کے لئے کچھ کرنا چاہتا ہوں نساسک اچھا ادارہ ہے کام کرنے والے لوگ خراب ہو سکتے ہیں نساسک کے پاس فنڈز بھی موجود ہیں صرف نیک نیتی کے ساتھ کام کرنیکی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رہنما رفیق میمن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دےئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں سنی تحریک کے حافظ محبوب علی سہتو ، حق پرست ایم پی اے دیوان چند چاؤلہ ، عامر فاروقی ، حاجی اعجاز میمن ،مسلم لیگ ن کے امام الدین کھوسو ، خورشید میرانی ، جماعت اہلحدیث کے عبدالرحمن ثاقب ، چمبر آف کامرس کے شکیل مختیار ، سکھر اسمال ٹریڈرز کے حاجی جاوید میمن ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن مفتی عارف سعیدی ، جامع مسجد کے خطیب قاری خلیل احمد ، شہری اتحاد کے مولانا عبید اللہ بھٹو ، جے یو آئی کے عارف حسینی ، جماعت اسلامی کے حزب اللہ جھکرو، آل سکھر اسمال ٹریڈرز کے حاجی ہارون میمن ، حاجی علی بخش خان مہر سمیت تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام تاجروں ، صحافیوں ، نے شرکت کی عبدالمجید پٹھان نے مزید کہا کہ سکھر شہر کے بعض علاقوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار جگہ جگہ تجاوزات کی بھر مار ہے صفائی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کوشش جارہی ہے نماز فجر سے قبل گھر سے نکلتا ہوں کھانا تک خاکروبوں اور اسٹاف کے ساتھ کھاتا ہوں مجھے کوئی لالچ نہیں ہے صرف اس شہر کے لئے کچھ کرنا چاہتا ہوں اس مقصد میں کامیابی کے لئے صرف شہریوں کا ساتھ چاہتا ہون جب ہم سب ملکر کام کرینگے تو بہت کچھ ٹھیک ہو جائے گامیں نے تاجر برادری ، مختلف تنظیموں ، شہریوں سے تین سے چھ ماہ کی مہلت مانگی ہے انشاء اللہ تبدیلی ضرور آئے گی اپنی تقریر کے دوران شہری مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ایم ڈی نساسک آبدیدہ ہوگئے اور تقریر ادھوری چھوڑ دی اس موقع پر عشائیہ میں شریک جماعتوں نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور قبل ازاں شہری مسائل بالخصوص پینے کے مضر صحت پینے کے پانی کی فراہمی ، نکاسی آب ، صفائی و ستھرائی دیگر کے بارے میں تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔