ریلوے کے کرایوں میں مزید پانچ فیصد تک کمی لا ر ہے ہیں ،خواجہ سعد رفیق ،55نئے انجن خریدے جارہے ہیں جو ٹاپ کلاس کمپنیوں سے لئے جائینگے ،سعودی عرب سے واپسی پر میرا کوئی بیگ گم نہیں ہوا ،عمران خان کو شادی کی مبارکباد خلوص دل سے دیتا ہوں،صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 9 جنوری 2015 08:50

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جنوری۔2015ء )وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت ریلوے کے کرایوں میں مزید پانچ فیصد تک کمی لا رہی ہے، کرایوں میں کمی کا نوٹیفیکشن پیر کو جاری کیاجائے گا ،55نئے انجن خریدے جارہے ہیں جو ٹاپ کلاس کمپنیوں سے لئے جائینگے ،سعودی عرب سے واپسی پر میرا کوئی بیگ گم نہیں ہوا ، میڈیا میں آنے والی خبروں کی تردید کرتا ہوں ،سیاست اور صحافت ایک ساتھ چلتی ہیں بعض لوگ غیر پروفیشنل انداز میں کام کرتے ہیں ،لاہور ائرپورٹ پر نامناسب سہولیات ہونے کی وجہ سے اور سیکرٹری سول ایوی ایشن سے جواب طلب کیا ہے ، میرے حلقے میں پانچ پولنگ سٹیشن پر حامد خان نے اعتراضات لگائے تھے ان میں سے دو ووٹ ایسے تھے جو ڈبل ڈالے گئے شور مچانے سے جھوٹ اور سچ کافیصلہ نہیں ہوتا سیاست میں صرف پولیٹیکل ورکر کو ووٹ ملتا ہے عمران خان کو شادی کی مبارکباد خلوص دل سے دیتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ڈیڑھ برس میں کرایوں میں نمایاں کمی کی ہے اور اب مزید پانچ فیصد مزید کمی کی جائے گی جس کا اعلان پیر کے روز کیا جائے گامال بردار گاڑیوں پر دس فیصد کمی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ جو گاڑیاں نقصان میں چل رہی ہیں ان کو بند کیاجائے گا ملک میں ایسی صورتحال ہے کہ ہم نقصان دہ چیز کو برداشت نہیں کرسکتے خوشحال خان خٹک ایکسپریس نے پچاس ملین روزانہ کا نقصان دے رہی ہے اسے بند کردیا جائے گا جب نواز لیگ کی حکومت آئے گی تو نوے فیصد ڈبے بوسیدہ تھے ٹرین کو بند کرنے کی سازشیں کرنے والوں کیخلاف سپریم کورٹ میں کیس بھی چل رہا ہے ان پر زیادہ بحث کی ضرورت نہیں ریل گاڑیاں ملک کے اثاثے ہیں 55نئے انجن لئے جارہے ہیں جو جلد سسٹم میں لگا دیئے جائینگے انجن ٹاپ کلاس کمپنیوں سے خریدے جائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ائرپورٹ پر نامناسب سہولیات ہونے کی وجہ سے ایم ڈی پی آئی اے اور سیکرٹری سول ایوی ایشن کی کھچائی کی ہے جہاں پر حکومت کی کوتاہیاں ہیں ان کی نشاندہی ہم خود کرتے ہیں سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن کیلئے جلد خصوصی اقدامات اٹھائے گے جن سے بیرون ملک ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیاجائے گا سعودی عرب سے آتے ہوئے دو سو پچاس مسافروں کی گنجائش موجود تھی اس میں صرف پچاس مسافروں کو لایا گیا جدہ ائرپورٹ پر تین پاکستانی مسافر خوار ہوتے رہے جس کے لئے میں نے ایم ڈی پی آئی اے کو سے جواب بھی طلب کیا ہے انہوں نے کہا کہ میرا کوئی بیگ چوری نہیں ہوا میڈیا میں آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں اور نہ میں نے کوئی دھرنا دیا ہے صحافت اور سیاست ایک ساتھ چلتی ہیں بعض لوگ اپنے پروفیشن کا غیر مناسب فائدہ اٹھاتے ہیں ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے غلط بیانی اور شور مچانے سے کچھ نہیں ہوگا میرے حلقے میں حامد خان نے پانچ پولنگ سٹیشنز پر اعتراضات اٹھائے تھے جن پر مکمل چھان بین کی گئی اور اس میں سے صرف دو ووٹ ایسے نکلے جو خواتین نے ڈبل ڈالے تھے این اے 122میں بھی تمام جھوٹ سامنے آگیا ہے اب اس پر کوئی بھی پی ٹی آئی کے رکن واضح جواب نہیں دیتے ۔

تحریک انصاف کے امیدواروں کو الیکشن کمپین بھی چلانا نہیں آتی یہاں پر صرف پولیٹیکل ورکروں کو ووٹ ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شادی خوش آئند بات ہے ان کے لئے دعائیں اور ڈھیر ساری مبارکبادیں دے رہے ہیں ان کو خلوص نیت سے دعائیں دے رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو ٹرین منافع بخش نہیں ہوگی اس کو بند کردینگے اور ٹرین کے ساتھ گزشتہ حکومتوں نے جو سلوک کیا ان کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ان کیخلاف بھی سپریم کورٹ میں مقدمہ چل رہا ہے ۔