نیکٹا ہاٹ لائن پر روزانہ آنیوالی کالز میں سے 20فیصد دہشت گردی جبکہ 5سو سے زائد میاں بیوی کے جھگڑے کی ہوتی ہیں،وزیرداخلہ کا انکشاف،اسلام آباد میں داخلہ پر ٹال ٹیکس ختم اور ڈومیسائل، لائسنس کی سہولیات ایک چھت تلے فراہم کرنے کا اعلان

جمعرات 8 جنوری 2015 09:16

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جنوری۔2015ء ) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ نیکٹا ہاٹ لائن پر روزانہ آنے والی کالز میں سے 20فیصد دہشت گردی سے متعلقہ جبکہ 5سو سے زائد کالز میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑے کی ہوتی ہیں اگر عوام نے اس جنگ میں سنجیدگی سے حکومت کے ساتھ تعاون نہ کیا تو اہداف حاصل کرنا مشکل ہوں گے ،نادرا اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوگئے جس کے تحت سمارٹ کارڈ کے ذریعے گاڑیوں اورمالکان کا مکمل ریکارڈ اکٹھاہو گا ،کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ دہشت گردی کی جنگ ختم ہو گئی گزشتہ بار ہ سالوں کے دوران پاکستان میں بہت بڑے واقعات ہوئے تاہم اب بھی بڑی دہشتگردی کی انٹیلی جنس رپورٹ آرہی ہیں ۔

یہ بات انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے دفتر میں ”ون ونڈو“کا افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے اسلام آباد کے شہریوں کو ڈومیسائل ،رجسٹریشن ،لائسنس ،بین الاقوامی لائسنس سمیت دیگرسہولیات ایک چھت تلے میسر ہوں گی ۔جس میں کسی قسم کی کوئی شخصی مداخلت بھی نہیں ہو گی ۔ اسی طرح کی سہولیات اسلام آباد کے شہریوں کو سی ڈی اے میں فراہم کی جائیں گی جو کہ حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایک تحفہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدامات پہلا قدم ہیں اس کے بعد ضلعی عدالتوں میں بھی شہریوں کو اسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے خبر رساں ادارے کے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ساڑھے پندرہ سو سے زائد گلی محلوں سے رضا کار شامل کیے گئے ہیں جن کو پولیس کارڈ بھی جاری کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلا م آباد میں گزشتہ بیس سال سے جاری ٹول ٹیکس بھی ختم کردیا گیا ہے جو وفاقی حکومت کا اسلام آباد کے شہریوں کے لیے تحفہ ہے ۔یہ ٹول ٹیکس وزارت داخلہ کی مداخلت پر ختم کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :