کراچی ، رینجرز کی موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار شہید ، ایک شہری زخمی

بدھ 7 جنوری 2015 09:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 جنوری۔2015ء) کراچی کے علاقے لانڈھی خرم آباد میں آپریشن کے دوران رینجرز کی موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 رینجرز اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا‘ رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کرکے آمد ورفت بند کردی‘متعدد افراد زیر حراست ،حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی خرم آباد میں منگل کی صبح رینجرز کی بھاری نفری نے انٹیلی جنس معلومات پر لانڈھی خرم آباد، شیرپاؤ کالونی اور چاول گودام کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا‘ رینجرز کی نفری چاول گودام کے قریب پہنچی تو دہشت گردوں نے رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے رینجرز 81 ونگ کے حوالدار امیر حسن ، سپاہی رخسار احمد اور ایک راہ گیر جہانزیب بھی زخمی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔اسپتال ذرائع کے مطابق حوالدار امیر حسن اور سپاہی رخسار احمد کو سینے اور گردن میں گولی لگی جس کے باعث وہ دوران علاج دم توڑ گئے جب کہ راہ گیر جہانزیب کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

اس حملے کے بعد رینجرز کی مزید نفری طلب کرلی‘ رینجرز نے چاول گودام‘ خرم آباد اور فائرنگ بریگیڈ جانے والی سڑک کو آمد ورفت کیلئے بند کرکے آپریشن شروع کردیا۔ رینجرز نے گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق 6 سے 7 ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کی اور پھر موقع سے فرار ہوگئے ۔ رینجرز حکام کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر لانڈھی کے علاقے خرم آباد کا محاصرہ کرکے چھاپہ مار کارروائی کی گئی تھی ۔