سانحہ پشاور کے بعد ملکی مفاد کی خاطر لچک کا مظاہرہ کیا ہے،عمران خان ، اب حکومت کو جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اٹھارہ جنوری تک آخری مہلت دیتے ہیں، اس کے بعد ڈی چوک سمیت سڑکوں پر آکر شدید احتجاج کرینگے، شادی کرنا کوئی جرم نہیں ہے ، شادی کے حوالے سے رواں ہفتے پوری قوم کو خوشخبری سناؤں گا ،پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 7 جنوری 2015 09:48

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 جنوری۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد ملکی مفاد کی خاطر تحریک انصاف نے بڑی لچک کا مظاہرہ کیا لیکن اب حکومت کو جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے اٹھارہ جنوری تک آخری مہلت دیتے ہیں، اس کے بعد ڈی چوک سمیت سڑکوں پر آکر شدید احتجاج کرینگے، شادی کرنا کوئی جرم نہیں ہے ، شادی کے حوالے سے رواں ہفتے پوری قوم کو خوشخبری سناؤں گا ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این اے 122 پر دھاندلی ثابت کرنے کیلئے پورا ایک سال لگا اور اس کے پیچھے جواز سپیکر ایاز صادق کے اسٹے آرڈر تھے اور اب تک ایاز صادق اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپے رہے انہوں نے کہا کہ این اے 122پر 30ہزار ووٹ جعلی نکلے اور وہاں پر کئی پولنگ سٹیشنوں پر مختلف رنگ کے بیلٹ پیپرز نکلے اور مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کے آخری دنوں میں لاکھوں جعلی بیلٹ پیپرز چھپوائے اور جہانگیر ترین کے حلقے میں 49ہزار جعلی پولیس ووٹ نکلے انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کی وجہ سے تحریک انصاف نے ملکی مفاد کی خاطر حکومت کا ساتھ دیا اور مکمل طور پر لچک دکھائی جبکہ پارٹی کے اندر شدید اختلافات کے باوجود بھی ملٹری کورٹس کے حوالے سے حکومت کا ساتھ دے کر کڑوی گولی کھائی لیکن افسوس کہ حکومت ایک قدم پیچھے نہیں ہٹی حالانکہ ملک میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ حقیقی جمہوریت ہے جس طرح ملک میں دہشتگردی سب سے بڑا مسئلہ ہے اس طرح حقیقی جمہوریت بھی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ اب حکومت کو آخری مرتبہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے اٹھارہ جنوری تک کی مہلت دیتے ہیں ورنہ تحریک انصاف پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد کے ڈی چوک سمیت سڑکوں پر آئے گی اور شدید احتجاج کرے گی حالانکہ پوری قوم اور پارٹیاں چاہتی ہیں کہ تحریک انصاف واحد پارٹی ہے کہ سڑکوں کو بند کرنے اور ملک کو بند کرنے کے حوالے سے طاقت رکھتی ہے مگر ہم ایسا نہیں کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام تک پارلیمنٹ ہاؤس میں نہیں جائینگے اور یہ تمام سیاسی جماعتوں کا بھی انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے موقف ہے 2013ء کے انتخابات میں بہت بڑی دھاندلی ہوئی ۔ شادی کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ شادی کرنا کوئی جرم نہیں اور ہر انسان کا شادی کرنا بنیادی اور اسلامی حق ہے اور یہ سنت رسول ﷺ بھی ہے اب تک بچوں کی وجہ سے شادی نہیں کررہا تھا تاکہ ان کے ذہینوں پر اثر نہ پڑے دس سال تک بچوں کی خوشی کے بارے میں سوچا لیکن پوری قوم اور میڈیا کو بتادوں کہ رواں ہفتے اپنی شادی کے حوالے سے قوم کو خوشخبری سناؤں گا ۔

متعلقہ عنوان :