آصف زرداری نے مخدوم امین فہیم کے گلے شکوے دور کر دیئے،پارٹی قیادت سے کوئی اختلاف نہیں، فوجی عدالتوں کے معاملے پر پارٹی موقف کے ساتھ ہیں‘ وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جارہی ، مخدوم امین فہیم کی میڈیا سے بات چیت

منگل 6 جنوری 2015 09:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء)سابق صدر آصف علی زرداری نے مخدوم امین فہیم کے گلے شکوے دور کر دیئے۔ امین فہیم نے وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہ لانے کی یقین دہانی کرا دی۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کے ناراض رہنمائمخدوم امین فہیم نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کے صدر مخدوم امین فہیم نے تحفظات سے آگاہ کیا اور پارٹی اور حکومت میں غیر متعلقہ افراد کی دخل انداری بند کرنے اور وزرائکو بااختیار بنانے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی جانب سے اقدامات کی یقین دہانی پر مخدوم امین فہیم نے وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہ لانے کا یقین دلایا۔پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی قیادت سے کوئی اختلاف نہیں،مخدوم امین فہیم نے کہا کہ ان کے پارٹی قیادت سے کوئی اختلاف نہیں، فوجی عدالتوں کے معاملے پر پارٹی موقف کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جارہی تاہم سندھ حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ وزراء کو مکمل اختیارات دے دیے جائیں۔