وزیراعظم کی قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے تمام پارٹی اراکین کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایات ، وزیراعظم نے پارلیمانی اراکین کو ناشتے کیلئے بلالیا، تمام اراکین کو باضابطہ دعوت دیدی گئی

منگل 6 جنوری 2015 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء)وزیراعظم محمدنوازشریف نے قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے تمام پارٹی اراکین کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں ،جبکہ وزیراعظم نے پارلیمانی اراکین کوآج (منگل کو )صبح ناشتے کیلئے بلالیاہے ۔وزیراعظم کی جانب سے تمام اراکین کوناشتے کی باضابطہ دعوت دیدی گئی ہے ،جہاں پرسیری پائے سمیت دیگرانواع واقسام کے کھانوں سے اراکین کی خاطرتواضع کی جائے گی ۔

ناشتہ سے فارغ ہونے کے بعداراکین پارلیمنٹ میں پہنچیں گے جہاں پروہ ووٹنگ میں حصہ بھی لیں گے ۔اہم حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نوا زشریف نے جمعیت علماء اسلام اورجماعت اسلامی کے آئینی بل پرتحفظات کے حوالے سے بریفنگ بھی لی ہیے جس پرآئینی وقانونی ماہرین سے مشاورت بھی کرلی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ذرائع کاکہناہے کہ دونوں بڑی جماعتوں کے تحفظات کودورکردیاجائیگا،تاہم حکومت کیلئے ایک پریشانی یہ بھی ہے کہ اگرجے یوآئی اورجماعت اسلامی کے تحفظات کودورکیاجاتاہے توایم کیوایم کا حکومت کے ساتھ چلنامشکل ہوجائیگا۔

اس حوالے سے ایم کیوایم کی جانب سے حکومت کوواضح پیغام پہنچادیاگیاہے کہ وہ مسودہ جوآل پارٹیزکانفرنس میں پیش کیاگیااسی کوپارلیمنٹ سے منظورکرایاجائے اگراس میں مزیدترمیم کی گئی توایم کیوایم احتجاجاًالیکشن میں اپناردعمل ظاہرکریگی۔