ہماری حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا جلد از جلد انعقاد چاہتی ہے، پرویز خٹک، ہم اسے مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کی کنجی سمجھتے ہیں ،میڈیا سے بات چیت

منگل 6 جنوری 2015 09:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا جلد از جلد انعقاد چاہتی ہے کیونکہ ہم اسے مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کی کنجی سمجھتے ہیں ہم بلدیاتی انتخابات کو شفاف اور غیر متنازعہ بنانے کیلئے بائیومیٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں مگر الیکشن کمیشن میں اجلاس کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ان انتظامات کی وجہ سے بہت زیادہ تاخیر ہو جائے گی جبکہ ان کے بغیر بلدیاتی انتخابات کا مئی یا جون میں انعقاد ممکن ہے البتہ الیکشن شیڈول اپریل میں جاری کر دیا جائے گا وہ اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے سینئر صوبائی وزیر بلدیات و انتخابات عنایت اللہ اور سیکرٹری بلدیات جمیل احمد بھی ان کے ہمراہ تھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر چہ ہم نے تاخیر ہو جانے کے سبب بائیو میٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ کے مطالبے سے فی الحال دست بردار ہوتے ہیں تاہم ہمارا موقف واضح ہے کہ اس کی بدولت انتخابات شک و شبہ سے بالا تر ہوں گے کیونکہ جب بھی انتخابات ہوتے ہیں تو دونوں طرف سے شکوک کا اظہار کیا جاتا ہے جو مہذب جمہوری معاشرے کیلئے مناسب نہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں حلقہ بندیوں کے مسائل کی وجہ سے انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے اور ماضی میں ہمارے کیس کو بھی ان سے جوڑا گیا مگر اب صورتحال واضح ہو چکی ہے اور ہمارا موقف مان لیا گیا ہے کہ کم از کم خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جلد کرائے جائیں انہوں نے کہا کہ ہمارا رائج کردہ بلدیاتی نظام عوامی امنگوں کی تکمیل کرے گا کیونکہ ہم نے دوسرے صوبوں کی طرح بلدیات کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے تمام وسائل اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دئیے ہیں اور اسکی وجہ سے لوگوں کو زیریں سطح پر حقیقی ریلیف ملے گا۔