اے این پی نے کراچی میں بھی فوجی آپریشن کرنے کا مطالبہ کردیا،ملک میں پختونوں کی نسل کشی کی جارہی ہے‘ دینی مدارس میں اصلاحات کی جائیں دہشت گردی کے ساتھ ساتھ سینکڑوں بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث ملزموں کے مقدمات بھی فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں،سینیٹرز شاہی سید ‘ الیاس بلور اور حاجی عدیل کا سینیٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

منگل 6 جنوری 2015 09:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء) اے این پی نے کراچی میں بھی فوجی آپریشن کرنے کا مطالبہ کردیا‘ ملک میں پختونوں کی نسل کشی کی جارہی ہے‘ دینی مدارس میں اصلاحات کی جائیں دہشت گردی کے ساتھ ساتھ سینکڑوں بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث ملزموں کے مقدمات بھی فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار اے این پی کے سینیٹرز شاہی سید ‘ الیاس بلور اور حاجی عدیل نے سینیٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر جگہ پختونوں کا قتل عام جاری ہے سوات ‘ بونیر‘ وزیرستان اور کراچی میں پختونوں کو نشانہ بنایا جارہاہے۔

اٹھارہویں ترمیم کی آڑ لے کر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اپنے آپ کو ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں ہم سے سکیورٹی واپس لے کر قاتلوں اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے کراچی کے ایک ہی ضلع کے صدر کو بھی قتلکردیا گیا ہم یہ سوال کرتے ہیں کہ ہمارے قاتل کون ہیں اور ہمیں کیوں مارا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاسی جماعتیں مدارس اور مساجد کو دہشت گردی سے الگ سمجھتے ہیں میں ان سے پوچھتا ہوں کہ افغانستان میں جہاد مدارس سے شروع ہوا تھا یا نہیں جب مدارس میں اصلاحات کا نام لیا جاتا ہے تو مخالفت شروع ہوجاتی ہے اس وقت مدارس سمیت تمام اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قاتلوں کے مقدمات بھی دہشت گردی کی عدالتوں میں چلائے جائیں پاکستان کو وزیرستان سوات یا بونیر میں دہشت گردی نے اتنا نقصان پہنچایا جتنا کراچی میں حالات خراب کرنے والوں نے نقصان پہنچایا ہے کراچی پاکستان کی معاشی حب ہے اس کو کمزور کرنا پاکستان کی جڑیں کاٹنے کے مترادف ہے کراچی میں قتل و غارت گری میں ملوث اور اربوں روپے بھتہ لینے والوں کے مقدمات بھی ملٹری کورٹس میں لے جائیں تاکہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک کیا جاسکے۔

انہوں نے خفیہ ایجنسیوں سے سوال کیا کہ اے این پی کے کارکنوں اور عہدیداروں کو مارنے والوں کو بے نقاب کیا جائے ہم پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے ضرور پیش کریں گے ہمیں بغاوت یا پہاڑوں پر جانے کیلئے مجبور نہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :