شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں 8 افراد ہلاک، 3 زخمی،جاسوس طیارے نے کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر حافظ گل بہادر اور ازبک کمانڈر عثمان کے کمپاوٴنڈ پر 2 میزائل داغے، ذرائع

منگل 6 جنوری 2015 09:34

دتہ خیل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔6 جنوری۔2015ء)تحصیل دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیارے کے ڈرون حملے میں 8 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق سال 2015 کے پہلے ڈرون حملے میں امریکی جاسوس طیارے نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کو نشانہ بنایا جس میں 8 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاسوس طیارے نے کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر حافظ گل بہادر اور ازبک کمانڈر عثمان کے کمپاوٴنڈ پر 2 میزائل داغے جس میں دونوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی تصدیق نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملوں کو پاکستان میں شدید تنقید کا سامنا ہے اور حکومت کا موقف ہے کہ ڈرون حملے نہ صرف پاکستان کی سرحدی حدود بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے لہٰذا انھیں فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔