”جشن آمد رسول اللہ ہی اللہ“،ملک بھرمیں عید میلاد النبی آج انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا ، تیاریاں جوش وخروش سے جاری، جشن میلادالنبی کے جلوس ملک کے طول و عرض میں نکالے جائیں گے مساجد،گھروں،گلی محلوں، اہم شاہراہوں اور اونچی عمارتوں کو برقی قمقموں اور سبزجھنڈوں سے سجادیا گیا

اتوار 4 جنوری 2015 09:51

اسلام آباد/کراچی/لاہور/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جنوری۔2015ء)”جشن آمد رسول اللہ ہی اللہ“وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرمیں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا ،اس سلسلے میں تیاریاں جوش وخروش سے جاری ہیں،(آج) اتوار12ربیع الاول کو جشن میلادالنبی کے جلوس ملک کے طول و عرض میں نکالے جائیں گے ۔

مساجد،گھروں،گلی محلوں اور اہم شاہراہوں اور اونچی عمارتوں کو برقی قمقموں اور سبزجھنڈوں سے سجادیا گیا۔ مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔حیدرآباد میں 12ربیع الاول کی تیاریاں زوروں پر ہیں ،شہر کی بیشترمساجد، عمارتوں اور گھروں پر سبز جھنڈے لہرا رہے ہیں۔بعد نماز جمعہ مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

(جاری ہے)

سکھر میں بھی مساجد کو برقی قمقموں سے روشن کردیا گیا۔

عاشقان رسول 12 ربیع الاول کی تیاریوں میں مصروف نظر آرہے ہیں۔میرپورخاص کے مختلف علاقوں، گلی محلوں کے علاوہ گھروں اور دکانوں کو بھی آرائشی محرابوں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے جگمگا دیا گیاہے۔ نواب شاہ میں بھی سبز جھنڈوں،جھنڈیوں کی بہارہے۔گھوٹکی، ڈہرکی میرپور ماتھیلو اور اوباڑو میں بھی میلاد النبی کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں۔

جیکب آباد اور ٹنڈو الہٰ یار میں رنگ برنگی لائٹوں سے مساجد کو دلکش اندازسے بقعہ نوربنادیا گیاجبکہ محافل نعت کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ملتان میں بازار ،گلیاں چھوٹی چھوٹی لائٹوں ،سبز جھنڈیوں سے سجادی گئی ہیں۔بہاول پور میں بھی مساجد اور عمارتیں سج گئیں،گھروں کو بھی لائٹوں سے روشن کردیا گیا۔رحیم یار خان اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگرشہروں میں بھی میلاد النبی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :