فوجی عدالتوں کے بننے سے دہشتگردی کے خاتمہ میں مدد ملے گی،اے پی ایم ایل، متحدہ مسلم لیگ کیلئے کوششیں جاری ہیں جس میں تمام چھوٹی مسلم لیگی جماعتیں شامل ہوں گی ، پرویز مشرف فوج کی مدد سے سیاست نہیں کریں گے ، متحدہ مسلم لیگ کیلئے کوششیں جاری ہیں جس میں تمام چھوٹی مسلم لیگی جماعتیں شامل ہوں گی ، گلگت بلتستان کے الیکشن میں ہماری جماعت بھرپور حصہ لے گی ، مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

اتوار 4 جنوری 2015 10:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جنوری۔2015ء ) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل دہشت گردوں کے خاتمہ اور انہیں عبرتناک سزائیں دینے کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام کی مکمل حمایت کرتی ہے، فوجی عدالتوں کے بننے سے دہشتگردی کے خاتمہ میں مدد ملے گی ، پرویز مشرف فوج کی مدد سے سیاست نہیں کریں گے ، متحدہ مسلم لیگ کیلئے کوششیں جاری ہیں جس میں تمام چھوٹی مسلم لیگی جماعتیں شامل ہوں گی ، گلگت بلتستان کے الیکشن میں ہماری جماعت بھرپور حصہ لے گی ، سندھ حکومت کو ہم ناکام نہیں بنانا چاہتے وہ اپنی کارکردگی کی وجہ سے خود ہی صوبے کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے ۔

وہ ہفتہ کو پارٹی کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ڈاکٹر امجد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں چاروں صوبائی صدور ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں پارٹی کے آئین کے منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں ملکی سطح پر پارٹی میں 12 ونگ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور ان ونگز کے صدور کی نامزدگی کرکے ان کو ذمہ داری دی گئیں ۔

اجلاس میں میڈیا کے حوالے سے بھی پارٹی کی فعال پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کے دوران پارٹی کے چیئرمین سابق صدر پرویز مشرف نے مختلف ایشوز پر ہدایات دیں ۔ ڈاکٹر امجد نے بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایم ایل دہشت گردوں کے خاتمہ اور انہیں عبرتناک سزائیں دینے کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی‘ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ان کے سہولت کاروں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔مینارٹی کو برابری کے حقوق دیے جائیں اور انکی عبادت گاہوں پر حملہ کرنیوالوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آصف علی زردار ی کے بیا ن کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے پرویز مشرف کے ساتھ ہماری پاک افواج کو منسلک کیا تھا ہم نے نہ پہلے سیاست میں آنے کیلئے فوج سے مدد مانگی اور نہ آئندہ مدد مانگیں گے۔ پرویز مشرف اور ہماری پارٹی سندھ حکومت کو ناکام بنانا نہیں چاہتی۔ ڈاکٹر امجد نے کہاکہ متحدہ مسلم لیگ کیلئے کاوشیں جاری ہیں جس کا قیام بہت جلد ہو جائے گا۔ متحدہ مسلم لیگ کیلئے بہت سے رہنماؤں نے پرویز مشرف سے رابطہ کیا ہے اور ان کو وسیع اتحاد کے چئیرمین بننے کی پیش کش کی ہے جن میں پیر پگاڑا ‘ مسلم لیگ (ق) ‘ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ناراض اراکین ‘ مسلم لیگ جونیجو اور مسلم لیگ (ف) شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابا ت میں بھرپور شرکت کر یگی اور انشاء اللہ وہاں ہم حکومت بنائیں گے کیونکہ گلگت بلتستان میں ہمیں بہت بڑی عوامی حمایت حاصل ہے۔ آئندہ پاکستان کے الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ اور اسلامی جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ الیکشن میں حصہ لیں گے اور حکومت بنائیں گے۔ قوم پرویز مشرف کی طرف دیکھ رہی ہے ان کو ا یک ایسا لیڈر چاہیے جو ملک دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکے۔ اگر ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے تو وہ صرف پرویز مشرف ہی نکال سکتے ہیں۔