پنجابی طالبان بارے میری باتوں کوجھوٹ کہاگیااب سامنے آگئیں ،داعش پاکستان میں ہے ، رحمان ملک ،ایجنسیوں نے داعش کے کئی لوگ پکڑبھی لئے ہیں ،عوام داعش سے محتاط رہیں،قوم کونئے سال کی مبارکباد ہو، 31دسمبرکوناچ گانے اورپٹاخوں کے بجائے قوم مل کرامن کیلئے دعاکریں اوراپنے گناہوں کی ہم سب معافی مانگیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 30 دسمبر 2014 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2014ء)سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہاہے کہ پنجابی طالبان بارے میری باتوں کوجھوٹ کہاگیااب سامنے آگئیں ،داعش پاکستان میں ہے ،ایجنسیوں نے داعش کے کئی لوگ پکڑبھی لئے ہیں ،عوام داعش سے محتاط رہیں ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے قوم کونئے سال کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ 31دسمبرکوناچ گانے اورپٹاخوں کے بجائے قوم مل کرامن کیلئے دعاکریں اوراپنے گناہوں کی ہم سب معافی مانگیں ۔

انہوں نے کہاکہ جب میں وزیرداخلہ تھاتومیری لیڈرشپ اوروزیراعظم نے ایکشن کیلئے مجھے فری ہینڈدیاہواتھا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تودہشتگردی کے ساتھ عدالتی ،توانائی کاشدیدبحران تھا،عدلیہ کی بحالی کے بعدافتخارچوہدری نے ایک خط نہ لکھنے پرہمارے وزیراعظم کوگھربھیج دیااورہروہ کام کیاجوانہیں نہیں کرناچاہئے تھا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ پرفوکس کیااورہم نے مالاکنڈاورسوات کے آپریشن کافیصلہ کیااورقوم کے سامنے ہے کہ ہم نے آپریشن کیسے کیااورمتاثرین کودوبارہ کیسے آبادکیا،ہم نے اپنے وقت میں کبھی آپریشن بندنہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ میں نے پنجابی طالبان کی بات کی توکہاگیاکہ جھوٹ بول رہاہے میں نے داعش کی بات کی تب بھی اسے جھوٹ کہاگیااورآج یہ باتیں واضح ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میری اطلاع کے مطابق خفیہ ایجنسیوں نے داعش کے 27سے 28افرادکوگرفتارکرلیاہے ،داعش کے کئی لوگ پاکستان کے مختلف علاقوں میں موجودہیں ،لوگ داعش سے محتاط رہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب سے پاکستان بنابھارت پاکستان کادشمن ہے ،نریندرمودی وزیراعظم بننے کے بعداپنی بات ہی پاکستان دشمنی سے شروع کرتے ہیں ،وزیرستان سے جواسلحہ پکڑاگیاوہ بھی بھارت کاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پشاورسانحہ میں دہشتگردوں کے رابطے افغانستان میں تھے ،ملافضل اللہ ،فقیرمحمد،شاہداللہ شاہد،احسان اللہ احسان اوردیگربڑے دہشتگردافغانستان میں بیٹھے ہیں ،افغان حکومت انہیں گرفتارکرکے پاکستان کے حوالے کیوں نہیں کرتی ۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈاراورجہانگیرترین کے درمیان ملاقات میں معاملات طے پاگئے ہیں ،ہم ملک سے الزام تراشی کی سیاست کاخاتمہ چاہتے ہیں ،ن لیگ کے ساتھ ہماراکوئی این آراوتھااورنہ ہے ہم جمہوریت کی خاطرسب کوساتھ لیکرچلنے کی بفات کرتے ہیں ۔