امریکی سفیر کی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقاتیں،سانحہ پشاور پر دکھ اور افسوس کا اظہار، امریکہ سے 53ارب 20لاکھ ڈالر کے امدادی پیکج اور امریکی وزیرخارجہ کے جنوری کے مجوزہ دورہ کے ایجنڈے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ،امریکی پیکج کا بڑا حصہ شمالی وزیرستان کے بے گھر لوگوں پر خرچ کیا جائے گا،اسحاق ڈار،پوری قوم متحد ہے کہ دہشت گردی سے پوری قوت سے نمٹیں گے ،امریکی سفیر سے گفتگو

منگل 30 دسمبر 2014 09:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2014ء)پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے پیر کو یہاں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں انہوں نے سانحہ پشاور پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور امریکہ سے پاکستان کو ملنے والے 53ارب 20لاکھ ڈالر کے امدادی پیکج سمیت امریکی وزیرخارجہ کے جنوری کے مجوزہ دورہ کے ایجنڈے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ا س پیکج کا بڑا حصہ شمالی وزیرستان کے بے گھر لوگوں پر خرچ کیا جائے گا،سانحہ پشاور پاکستانی تاریخ کا المناک سانحہ ہے،حکومت نے عزم کررکھا ہے کہ دہشت گردی کے مسئلے سے پوری قوت سے نمٹیں گے اور اس معاملے پر پوری قوم اور سیاسی قیادت میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔

امریکی سفیر نے وفاقی وزیر کو آئی ایم ایف کے چوتھے اور پانچویں جائزے کی تکمیل اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر تک پہنچنے پر مبارکباد دی جس سے حکومت کو آئی بی آرڈی کا رکن بننے میں مدد ملی جس سے وہ بہتر مالیاتی پیکج حاصل کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر نے وزیر خزانہ سے کیری لوگر ایکٹ کے تحت سویلین امدادی پیکج پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ کانگریس نے پاکستان کے لئے 53 ارب 20 لاکھ ڈالر کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے ۔

یہ امداد توانائی ،دہشت گردی کے خلاف دفاع ،اقتصادی ترقی ،تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں کے لئے دی جارہی ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اس امداد کا بڑا حصہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے بے گھر لوگو ں پر خرچ کرنا چاہتی ہے ۔امریکی سفیر نے جنوری 2015 ء میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے مجوزہ دورہ پاکستان کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خزانہ نے سفیر سے بوئنگ طیاروں کی جلد فراہمی پر بات چیت کی جو پی آئی اے اپنے بیڑے کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کرے گی ۔

ریاستی اثاثہ ہونے کے ناطے یہ حکومت کی ترجیحی فہرست میں اہم ایجنڈے کے طور پر موجود ہے ۔وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو بتایا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں عبوری بے گھر افراد اور زلزلے سے متاثرین کی بحالی کے بارے میں امدادی اداروں کے لئے ایک بریفنگ تیار کررہے ہیں ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب ایک ایسی آفت ہے جن کا پہلے سے اندازا نہیں لگایا جا سکتا اور اس کا ترقی پر گہرا اثر ہوتا ہے لیکن ہم اب بھی پُرامید ہیں کہ موجودہ حالات سے نکل آئیں گے۔

ملاقات میں خزانہ ڈویژن کے ایڈوائزر رانا اسد امین وزیر خزانہ کے سپیشل اسسٹنٹ شاہد محمود و امریکی ٹیم کے ارکان موجود تھے۔بعد ازاں پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈآلسن نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی ہے ،ملاقات میں امریکی سفیر نے پشاور سانحہ پر جانے والی معصوم جانوں کے ناقابل یقین واقعہ پردلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور امریکی عوام اور تمام عالمی دنیا کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

پیر کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے امریکی سفیر کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ،اس افسوسناک سانحہ نے ملک کو متحد کر کہ ایک صفحے پر کر دیا ہے۔ آج ملک کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ ملک کے عوام ہر قسم کے غیر معمولی اقدامات کیلئے تیار ہیں، تا کہ اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ اس قسم کے بھرپور قومی یکجہتی کے جذبے سے ، پاکستانی حکومت انشاء اللہ یہ جنگ ضرور جیتے گی۔ ہم ہر قسم کی عالمی مدد کو خوش آمدید کہتے ہیں ،جو اس ضمن میں ہماری معاون ثابت ہوں۔