وزیراعظم نواز شریف آج آرمی چیف راحیل شریف سے اہم ملاقات کرینگے ،فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق ہونیوالی 21 آئینی ترمیم ،دہشتگردی کیخلاف موثر ایکشن ،ملک بھر میں تعلیمی اداروں ، اہم تنصیبات کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کرینگے ، وفاقی حکومت نے آئین میں ترمیم کیلئے ایک دن میں قومی اسمبلی ، ایک دن میں سینٹ سے منظوری کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا، 5جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلا لیا گیا ، وزیراعظم آرمی چیف کو اعتماد میں لینگے ، ذرائع

منگل 30 دسمبر 2014 09:13

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2014ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج (منگل کو ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے اہم ملاقات کرینگے ۔ ملاقات میں وزیراعظم اور آرمی چیف فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق ہونیوالی 21ویں آئینی ترمیم بارے تبادلہ خیال کرینگے ۔ اس کے علاوہ دہشتگردی کیخلاف موثر ایکشن اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور دیگر اہم تنصیبات کی سکیورٹی سے متعلق حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئین میں ترمیم کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے اور پانچ جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس بھی بلایا جارہا ہے اس سلسلے میں تمام اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات بھی کردی گئی ہیں اور تمام جماعتوں کے بیرون ملک گئے اراکین پارلیمنٹ کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے توقع کی جارہی ہے کہ اکیسویں آئینی ترمیم کو ایک روز میں قومی اسمبلی اور ایک روز میں سینٹ سے منظور کروانے کیلئے حکومت نے کام مکمل کرلیا ہے ۔ وزیراعظم ان تمام اقدامات کے حوالے سے آرمی چیف کو اعتماد میں لینگے ۔