ورلڈ لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن عامر خان کااپنی شرٹس کو نیلامی کرنے اور رقم آرمی پبلک سکول پشاور کو دینے کا اعلان، پاکستان ایک محفوظ ملک ہے یہاں کوئی خطرہ نہیں،دہشت گردپاکستان کو دنیا میں بدنام کر رہے ہیں مگر وہ ناکام ہوں گے،مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس

جمعرات 25 دسمبر 2014 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2014ء)ورلڈ لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن عامر خان نے اپنی باکسنگ کے مقابلوں کے دوران پہنی ہوئی شرٹس کو نیلامی کرنے اور یہ رقم آرمی پبلک سکول پشاور کو دینے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے یہاں کوئی خطرہ نہیں،دہشت گردپاکستان کو دنیا میں بدنام کر رہے ہیں مگر وہ ناکام ہوں گے۔

مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرٹس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آرمی پبلک سکول پشاور کی عمارت اور ہوسٹل کے لئے وقف کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شرٹس کی نیلامی برطانیہ یا پاکستان کے کسی بھی شہر میں کی جاسکتی ہے، انہوں نے کہ پاکستان میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے بھی نیلامی میں حصہ لینے اور شرٹس کی خریداری کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

عامرخان نے سانحہ پشاور پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے قوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور سخت سیکورٹی خدشات کے باوجود پاکستان آئے ہیں تاکہ یہ پیغام دیا جا سکیں کہ ہمیں کھیل اور تعلیم ہی آگے لے کر جا سکتے ہیں۔عامر خان نے حکومت پاکستان کے تمام متعلقہ حلقوں کو اپنی مدد کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تباہ شدہ سکول اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر طرح تعاون کے لئے تیار ہیں۔