پاکستان ، افغانستان اور ایساف فوج کا پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف ملکر مربوط کارروائیاں کرنے پر اتفاق، افغان اور ایساف فوجی سربراہوں کی طرف سے آپریشن ضرب عضب کی تعریف،اس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک بری طرح تباہ ہوئے ہیں،فوجی سربراہ

بدھ 24 دسمبر 2014 09:58

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2014ء )پاکستان ، افغانستان اور ایساف فوج نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف ملکر مربوط کارروائیاں کرنے پر اتفاق کیا ہے اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے افغان فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مل کر دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے جبکہ افغان اور ایساف کے چیفس آف جنرل سٹاف نے پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک بری طرح تباہ ہوئے ہیں۔

افغان آرمی چیف جنرل شیر محمد کریمی اور ایساف کمانڈر جنرل جان کیمبل نے منگل کو یہاں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور پشاور میں پیش آنے والے سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جس میں 133بچوں سمیت 149بے گناہ شہید ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی جی ایچ کیو میں افغان آرمی چیف جنرل شیر محمد اور ایساف کمانڈر کا جنرل راحیل شریف نے استقبال کیا ۔

بعد ازاں دونوں ممالک کی عسکری قیادت کے درمیان خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا جس میں افغان آرمی چیف اور ایساف کمانڈر خطے میں دہشت گردی کے خاتمہ کی یقین دہانی کرائی جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی دہشت گردوں کیخلاف حالیہ افغان فورسز کے آپریشن کو سراہا اور دونوں مہمانوں کو دہشت گردی کے خاتمے کی بھی یقین دہانی کرائی جبکہ دونوں عسکری قیادتوں کے درمیان سرحدوں کے دونوں اطراف انٹیلی جنس اور آپریشن شیئرنگ پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ معزز مہمانوں نے بھی پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو بہت نقصان پہنچا ہے جو خطے کیلئے بہت مفیدہے ۔