جلد سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کرونگا ، یونس خان ،پاکستانی کرکٹرز کی طرح سانحہ پشاور سے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی دکھ اور افسوس ہو ا،کین ولیم سن نے پانچ میچز کی پرائز منی ، فاسٹ بالر ایڈم ملن نے ایک میچ کی پرائز منی دی ہے، جلد پشاور جاکر پاک فوج کے حوالے کریں گے،کوشش ہوگی کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پلان بنایا ہے جسکا اعلان بعد میں کریں گے، میڈیا سے گفتگو

منگل 23 دسمبر 2014 08:51

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2014ء )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ جلد سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کریں گے، سابق کپتان نے کہا کہ کیوی ٹیم کے کھلاڑی بھی افسوس ناک سانحہ پر افسردہ تھے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز کی طرح سانحہ پشاور سے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی دکھ اور افسوس ہوا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے پانچ میچز کی پرائز منی اور فاسٹ بالر ایڈم ملن نے ایک میچ کی پرائز منی ان کے حوالے کی ہے، جسے وہ جلد پشاور جاکر پاک فوج کے حوالے کریں گے۔ورلڈ کپ 2015 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ انکی کوشش ہوگی کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پلان بنایا ہے جسکا اعلان بعد میں کریں گے۔