عمران خان کا آرمی پبلک سکول کا دورہ ،شہید بچوں کے والدین سے ملے،کہاں ہے آپ کی تبدیلی؟آپ کو کس لئے ووٹ دیا تھا؟آپ اور کیا تبدیلی لائیں گے ؟شہید بچوں کے والدین کا عمران خان سے سوال،فوج کے ساتھ ہیں ،کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا، عمران کا جواب ، آئی جی ناصر درانی نے سربراہ تحریک انصاف کو صوبے کی صورت حال پر بریفنگ دی

منگل 23 دسمبر 2014 08:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2014ء)پشاور میں عمران خان کے آرمی پبلک سکول کے دورے پر شہید بچوں کے والدین نے راستہ روک کر عمران خان سے تبدیلی کہاں ہے کا سوال پوچھ لیا جبکہ عمران دعا کر کے چلتے بنے۔پیر کے روز عمران خان آرمی سکول کے دور پر پہنچے تو تو وہاں شہید بچوں کے دکھی والدین نے عمران کا راستہ روک لیا اور ان سے سوال پوچھا کہ کیا ہم نے آپ کو ووٹ اس لئے دیا تھا؟۔

(جاری ہے)

کہاں ہے تبدیلی؟ہمارے بچے اس دنیا سے چلے گئے آپ کونسی اور تبدیلی لائیں گے کے سوال کا جواب صرف یہ کہہ کر ختم کر دیا کہ ہم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اس کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔جس کے بعد عمران نے فوری طور پر ہاتھ اٹھا کر شہیدوں کے درجات کے لئے دعا کی اور اور شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے گھر گئے اور وہاں طاہرہ قاضی کے شوہر اور بچوں سے اظہار افسوس کیا اور شہداء کی درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔بعد ازاں عمران خان وزیراعلی ہاؤس خیبر پختونخواہ پہنچ گئے وہاں پر آئی جی ناصر درانی نے عمران کو صوبے کی صورت حال پر بریفنگ دی اور سکیورٹی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔