دشمن ہمیں کمزور کرکے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتا ہے، صدر مملکت، دہشت گردی کے واقعات پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازش کا حصہ ہیں،ممنون حسین

منگل 23 دسمبر 2014 08:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ دشمن ہمیں کمزور کرکے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لہٰذا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ایوان صدر میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد قومی قیادت کی سیاسی پختگی حوصلہ افزا ہے اور اس وقت ہمیں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رنگ ونسل، ذات پات، مذیب اور فرقے کو بالائے طاق رکھ کر قومی یکجہتی کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ہم اپنے دشمن سے لڑرہے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں کمزور کرکے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتا ہے لہٰذا ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا، دہشت گردی کے واقعات پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازش کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں نے ہمیشہ باہمی اختلافات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور ہمیں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا جب کہ سانحہ پشاور اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمیں عسکریت پسندوں اور انتہا پسندوں سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ ایوان صدر میں کرسمس کی تقریب کے آغاز پر شہدائے پشاور کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔