وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ملاقات ، آپریشن ضرب عضب اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال ، عوام اور سیاسی جماعتوں کا اتحاد دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے پہلا قدم ہے، نواز شریف، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ، وزیراعظم کی رائیونڈ میں عرب امارات کے شہزادوں سے بات چیت

اتوار 21 دسمبر 2014 09:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں آپریشن ضرب عضب اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہفتہ کی شام وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاتی امراء میں ملاقات کی جس میں دونوں راہنماؤں کے درمیان شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ملک کی ترقی کے لئے دہست گردی کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ادھر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے پہلا قدم ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے رائیونڈ میں ان کی رہائش گاہ پر عرب امارات کے شہزادوں نے ملاقات کی ۔

ملاقات میں سانحہ پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کااظہار کیا گیا اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے اور اس موقع پر عوام سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا دہشت گردی کو شکست دینے کی طرف پہلا قدم ہے اس کے ساتھ ساتھ حکومت عوامی منصوبوں کی فلاح وبہبود کیلئے بھی تیزی سے کام کررہی ہے۔