کینیا ٹیم کا دورہ پاکستان پر ان کے شکر گزار ہیں ،پاکستان میں کرکٹ میدانوں کی رونقیں بحال ہونے پر شائقین خوش ہیں ، شہریار خان ، سعید اور محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کی درستگی کیلئے ثقلین مشتاق پاکستان آئے ہیں ،ہاکی سیمی فائنل میں کھلاڑیوں کے رویئے سے پاک انڈیا تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں ، آئی پی ایل پر پاکستانی کھلاڑیوں کے دروازے بدستور بند ہیں ، چیئرمین پی سی بی ،تمام میچز ہارنا افسوسناک ہے تاہم پاکستان آکر وہ بے حد لطف اندوز ہوئے، کینین کپتان

اتوار 21 دسمبر 2014 09:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ کینیا کی ٹیم کا پاکستان میں آنا بارش کا پہلا قطرہ ہے ، مزید ٹیمیں بھی پاکستان آئینگی ،پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کی رونقیں لوٹنے پر شائقین کرکٹ کافی خوش ہیں، حفیظ اور سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی درستگی کیلئے ثقلین مشتاق پاکستان آئے ہیں، جبکہ کینیا ٹیم کے کپتان تمام میچز ہارنا افسوسناک ہے تاہم پاکستان آکر وہ بے حد لطف اندوز ہوئے۔

پاکستان اے اور کینیا کے درمیان کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار خان کا کہنا تھا کہ کینیا کی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے جس پر وہ بے حد مشکور ہیں۔شہریار خان نے سال 2015 میں مزید کرکٹ ٹیموں کے پاکستان آنے کی نوید سناتے ہوئے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ پاکستان اے ٹیم کے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کی رونقیں لوٹنے پر شائقین کرکٹ کافی خوش ہیں اور 13 دسمبر کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آغاز سے قبل فضا میں غبارے چھوڑ کر خوشی کا اظہاربھی کیا گیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہاکی کے سیمی فائنل واقعے کی وجہ سے مستقبل میں دونوں ممالک کے کرکٹ معاملات متاثر ہو سکتے ہیں،پاکستانی پلیئرزپر آئی پی ایل کے دروازے بھی بدستور بند رہنے کا خدشہ ہے۔

شہریار خان نے کہا کہ بدترین حالات کے باوجود بھی پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے تعلقات خوشگوار ہو گئے تھے تاہم حال ہی میں ہاکی فیلڈ میں جو کچھ بھی ہوا اس کا منفی اثر کرکٹ امور پر پڑ سکتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم بھارتی بورڈ کے ساتھ آئی سی سی سطح پر بھی اچھے تعلقات بنا رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ اگلے برس متحدہ عرب امارات میں سیریز کا انعقاد ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ حفیظ کیلیے بھارتی ویزہ حاصل کرنے کی اعلیٰ سطح پر کوششیں جاری ہیں، امید ہے کہ آل راوٴنڈر بہت جلد چنئی روانہ ہو جائینگے۔اس موقع پر کینیا ٹیم کے کوچ سٹیو ٹیکولو کا کہنا تھا کہ تمام میچز ہارنا افسوسناک ہے تاہم پاکستان آکر وہ بے حد لطف اندوز ہوئے۔واضح رہے کہ پاکستان میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر 2009 میں ہونے والے حملے کے بعد کینیا، پاکستان کا دورہ کرنے والی دوسری ٹیم ہے جہاں اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔