ورلڈ کپ کبڈی فائنل میں بھارت کا غیر منصفانہ رویہ ، شفیق چشتی پھٹ پڑے ،بھارتی انتظامیہ اور ریفریز نے بے ایمانی کرکے فتح بھارت کے پلڑے میں ڈال دی ، ہمیں پانی بھی نہیں پینے دیا گیا ، ریفری مجھے دھمکیاں دیتے رہے ، بھارتی کھلاڑیوں نے بام او ر تیل جسم پر لگا رکھا تھا ، قوم سے معافی مانگتے ہیں ، انصاف نہ ہوا تو آئندہ ورلڈ کپ بھارت میں نہیں کھیلے گی ، کپتان کبڈی ٹیم ،پاکستان کبڈی فیڈریشن کا بھارت کے ناروا رویئے پر احتجاج ، کبڈی فیڈریشن کے اجلاس میں باقاعدہ اس کو اٹھایا جائیگا ، انٹرنیشنل فیڈریشن کے سامنے بھی معاملہ رکھیں گے ، سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن

اتوار 21 دسمبر 2014 09:08

امرتسر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2014ء )پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے فائنل ہارنے کے بعد جذباتی ہوگئے ، قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ہم قوم کے سامنے شرمسار ہیں کہ ہم کبڈی فائنل نہیں جیت سکے تاہم بھارت کی جیت میں ان کی انتظامیہ اور ریفریز نے اہم کردار ادا کیا ۔ شفیق چشتی نے کہا کہ میچ ریفری نے ہمارے خلاف غلط فیصلے دئیے اور میچ مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا ۔

فائنل کے دوران ہمیں پانی پینے سے بھی روکا گیا جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کو کھانے پینے کی تمام چیزیں دی جارہی تھیں اس حوالے سے جب میں نے ریفری سے بات کی انہوں نے مجھے ڈانٹ کر کہا کہ پیچھے ہٹ جاؤ بھارت کو دو سے تین پوائنٹس دیئے گئے جو سمجھ سے باہر ہیں ۔ تھرڈ ایمپائر مجھے دھمکیاں دیتے رہے بھارتی کھلاڑی جسم پر بام اور تیل لگاتے رہے جس کی وجہ سے ہمارے چھاپیوں کو مسئلہ پیش آیا بھارت نے اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈے شروع کردیئے جس کا میچ ریفری نے کوئی نوٹس نہیں لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ایساہی چلتا رہا تو آئندہ بھارت میں کبڈی ٹورنامنٹ نہیں کھیلے گا کیونکہ اگر بھارت نے ایسے ہی ورلڈ کپ اپنے پاس رکھنا ہے تو پھر ہمارا کھیلنے کا کیا فائدہ تاہم اگر انصاف ہوا تو ہم بھارت کھیلنے ضرور آئینگے ۔ دوسری جانب پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بھارتی رویئے پر شدید احتجاج کیا سیکرٹری کبڈی فیڈریشن چوہدری سرور نے کہا کہ صاف واضح تھا کہ ہم جیت جائینگے مگر ہماری جیت دیکھ کر بھارت نے آخری وقت میں ریفریز اور انتظامیہ کے ساتھ ملکر تین پوائنٹ غلط بھارت کے حق میں دے دیئے اس حوالے سے ہم اجلاس میں باقاعدہ اس مسئلے کو اٹھائینگے اور انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن میں بھی اس کو لے کر جائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ متعدد اجلاسوں میں پہلے بھی ہم نے بھارت سے ایسے رویئے پر احتجاج کیا مگر ہمیشہ کی طرح سب اچھا ہوجائے گا کا کہ کر پرانی ہٹ دھرمی برقرار رکھی گئی ۔