عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے مقابلے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی جو عوام سے ناانصافی کے مترادف ہے، سید خورشید احمد شاہ ،حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں تقریبا تین روپے فی یونٹ تک مزید کمی کرنی چاہئے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 دسمبر 2014 09:42

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2014ء)قائدحزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے مقابلے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی جو عوام سے ناانصافی کے مترادف ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت فوری طور پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ کردیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے حساب سے حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں تقریبا تین روپے فی یونٹ تک مزید کمی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ چھ ماہ میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تقریبا 50فی صد کم ہوچکی ہیں لیکن بجلی کی قیمت میں صرف 20 فی صد تک کمی کی گئی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان اپنی مجموعی انرجی کی ضروریات کا 80فی صد تیل کی درآمد سے پورا کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے تاکہ محکمانہ غفلت اور نااہلی کی وجہ سے گیس چوری کا خسارہ عوام سے پورا کیا جاسکے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم اس اقدام کی مخالفت کریں گے اور عوام کی آواز سے آواز ملا کر اس غیر قانونی اضافے کی بھر پور مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 115ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 58 ڈالر ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلاتاخیر عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کرے تاکہ ان کے کاندھوں سے معاشی بوجھ میں کچھ کمی ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :