ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملا قات ، ایئرچیف نے وزیر اعظم کو دہشت گردوں کیخلاف فضائی حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی،اپنے بچوں کے قاتلوں کو اب اس سرزمین پر ٹکنے نہیں دینگے‘وزیراعظم،صدر ممنون حسین سے وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات ،سانحہ پشاور ، آپریشن ضرب عضب ، سزائے موت کے قیدیوں سے متعلق تبادلہ خیال ،۔ وزیراعظم نے دہشتگردی کے بارے میں بنائی جانے والی کمیٹی پر صدر مملکت ممنون حسین کو اعتماد میں لیا

جمعہ 19 دسمبر 2014 06:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے دہشتگردوں کو چن چن کر نشانہ بنانے کی ہدایت کر تے ہو ئے کہا کہ اپنے بچوں کے قاتلوں کو اب اس سرزمین پر ٹکنے نہیں دینگے۔وزیر اعظم نواز شریف سے ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور دہشتگردوں کیخلاف فضائی حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے گزشتہ روز وادی تیراہ میں کی گئی کارروائیوں سے متعلق بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ایئرچیف کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے قاتلوں کو اب اس سرزمین پر ٹکنے نہیں دینگے، معصوم بچوں کے قاتلوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ کے ہواباز دہشتگردوں کو نشانہ بناتے وقت سانحہ پشاور کو سامنے رکھیں۔

دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ملاقات ۔ سانحہ پشاور کی صورتحال ، سزائے موت کے قیدیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی ۔ ایوان صدر میں ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں سانحہ پشاور کی صورتحال ، آپریشن ضرب عضب سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ۔ وزیراعظم نے دہشتگردی کے بارے میں بنائی جانے والی کمیٹی پر صدر مملکت ممنون حسین کو اعتماد میں لیا اور سزائے موت کے قیدیوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔