بے گناہ انسانیت کے قتل کو اسلام اور جہاد سے منسوب کرنا جہالت کے علاوہ کچھ نہیں ہے، پاکستان علماء کونسل کا فتویٰ، پشاور میں معصوم بچوں اور اساتذہ کا قتل وحشت و بربریت اور سفاکیت ہے جس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

جمعرات 18 دسمبر 2014 09:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء)بے گناہ انسانیت کے قتل کو اسلام اور جہاد سے منسوب کرنا جہالت کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔ پشاور میں معصوم بچوں اور اساتذہ کا قتل وحشت ، بربریت اور سفاکیت ہے جس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے دارالافتاء کی طرف سے جاری کیے گئے ایک فتویٰ میں کہی گئی۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے مطابق تمام مکاتب فکر ، تمام مذاہب اور مسالک اس بات پر متفق ہیں کہ پشاور کا واقعہ سفاکیت اور بربریت ہے اور اس کی مذمت ، اس عمل سے نفرت ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء اسلام نے کبھی بھی بے گناہ انسانیت کے قتل کی تائید نہیں کی اور جو لوگ پشاور میں ہونے والے افسوسناک عمل کو اسلام اور مسلمانوں سے جوڑ رہے ہیں وہ بھی انسانیت کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان علماء کونسل کے دارالافتاء کی طرف سے جاری کردہ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ اسلام کسی بھی انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے اور اسلام نے جہاد کے میدان میں بھی عورتوں ، بچوں اور بوڑھوں کے قتل کی اجازت نہیں دی ہے ۔

تعلیم کے حصول اور تعلیم دینے والے اساتذہ اور طلباء کو قتل کرنا رسول کی تعلیمات کی برخلاف ہے ۔ رسول اکرم نے تعلیم دینے والوں کو رہائی دی ہے ، اساتذہ کے احترام کا درس دیا ہے اور تعلیم حاصل کرنے والوں کے لیے بشارتیں دی ہیں۔ پاکستان علماء کونسل کے دارالافتاء کی طرف سے جاری کردہ بیان میں ملک کی مذہبی اور سیاسی قیادت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی پر توجہ دیں اور قومی قیادت باہمی اتحاد اور اتفاق سے دہشت گردی کا حل نکالے ۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے اعلان کیا ہے کہ 19 دسمبر2014ء کو ملک بھر میں ”یوم یکجہتی پاکستان“ منایا جائے گا، جس میں شہداء پشاور کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا اور دہشت گردی کی بھر پور مذمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے شعبہ وفاق المساجد پاکستان کے تحت 73000 سے زائد مساجد میں خطبات جمعہ سانحہ پشاور پر دیئے جائیں گے ۔