کوئٹہ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ٹیلیفون پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے بات چیت ،پشاور میں سکول میں فائرنگ کے واقعہ میں معصوم طلباء اور اساتذہ کی شہادت پر افسوس ، دکھ اور تعزیت کا اظہار

بدھ 17 دسمبر 2014 08:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ٹیلیفون پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے بات چیت کرتے ہوئے ان سے پشاور کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعہ میں معصوم طلباء اور اساتذہ کی شہادت پر افسوس ، دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کو ایک قومی سانحہ قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف چند خاندانوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کا نقصان ہے جس پر قوم رنجیدہ ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے سوگوار خاندانوں، کے پی کے کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایسے سانحات سے قوم کو ہمیشہ محفوظ رکھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نے پشاور کے اسکول میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز واقعہ قرار دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں معصوم طلباء اور اساتذہ کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کا کوئی دین ومذہب اور قومیت نہیں اور وہ قرارواقعی سزا کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ننھے منے بچوں کی جانیں لینے سے بھی گریز نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال ،دہشت گردی کی صورت میں درپیش چیلنج اور آج کے واقعہ کے بعد قومی یکجہتی کی ضرورت میں اضافہ ہوا ہے۔

اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوکر ان کے خلاف فورسز کی کاروائیوں کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعلیٰ نے شہید بچوں کے والدین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینا ان کے لئے یہ نقصان ناقابل تلافی ہے تاہم ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ عظیم دکھ اور صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔ وزیراعلیٰ نے شہید طلباء اور اساتذہ کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔