وزیراعظم نے پشاور میں آج تمام قومی پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس طلب کرلیا، پشاور سانحے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف قومی پالیسی بارے بھی بات کی جائے گی،وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر سینیٹر پر ویز رشید کو سیاسی جماعتوں سے رابطہ کی ذمہ داری سونپ دی گئی، عمران خان آج پشاور میں وزیراعظم کی زیرصدار ت پارلیمانی پارٹیوں کے اجلا س میں خود شرکت کریں گے ،جہانگیر خان ترین ،چیئرمین پی ٹی آئی معصوم بچوں کی غائبانہ نمازجنازہ ہرگاؤ ں میں اداکریں گے

بدھ 17 دسمبر 2014 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء)وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے پشاور میں آج(بدھ) کو تمام قومی پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس طلب کیا ہے،جس میں پشاور سانحے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف قومی پالیسی بارے بھی بات کی جائے گی۔وزیراعظم نوازشریف نے قومی سانحے پر تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں ہوگا۔

اجلاس میں سید خورشید شاہ،قمرزمان کائرہ،اسفندیارولی،مولانا فضل الرحمان،سراج الحق اور عمران خان کو بھی اجلاس میں شریک ہونے کا کہا گیا ہے۔اجلاس کے ایجنڈے میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے اتحاد واتفاق پیدا کرنے پر زور دیا جائے گا،،وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پر ویز رشید کی سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر نے کی زمہ داری سونپی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم اجلاس میں چوہدری نثار علی خان، اسحاق ڈار بھی شرکت کریں گے ملک کی اندرونی سیکورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ادھرپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج بدھ کے روز پشاور میں وزیراعظم کی زیرصدار ت پارلیمانی پارٹیوں کے اجلا س میں خود شرکت کریں گے اور پی ٹی آئی کے راہنماؤں اور اراکین پارلیمنٹ پشاور میں شہیدہونے والے معصوم بچوں کی غائبانہ نمازجنازہ ہرگاؤ ں میں اداکریں گے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹر ی جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول کا حادثہ ایک قومی حادثہ ہے جس نے پور ی قوم کو خون کے آنسورلادیاہے۔ انہوں نے کہا کل پشاور میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت میں ہونے والی کل جماعتی کانفرس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان خود شرکت کریں گے ۔ پشاور کا حادثہ ایک صوبے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ پورے ملک ہے ۔ دہشت گردی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھاہے ۔انہوں بتایا کہ پی ٹی آئی آج کل بدھ کے روز پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی کے پی کے کے حالات اور پی ٹی آئی ،حکومت مذاکرات سمیت تمام امور زیرغور لائے جائیں گے۔