منصوبہ بندی کے ساتھ سکول پر حملے کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی،عمران خان،ایسا کوئی پاگل ہی کرسکتا ہے،یہ انسان نہیں درندوں کا کام ہے،یہ سیاست کا وقت نہیں صوبائی اور وفاقی حکومت اور فوج کو مل کر طے کرنا ہوگا کہ جنگ کیسے جیتنی ہے، آج مغرب کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، دہشتگردی کے ہولناک واقعے کے بعد پشاور پہنچ میں ہسپتالوں میں جاکر زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 دسمبر 2014 08:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے سانحہ پشاور کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ بندی کے ساتھ سکول پر حملے کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی،ایسا کوئی پاگل ہی کرسکتا ہے،یہ انسان نہیں درندوں کا کام ہے،یہ سیاست کا وقت نہیں صوبائی اور وفاقی حکومت اور فوج کو مل کر طے کرنا ہوگا کہ جنگ کیسے جیتنی ہے۔

بدھ کو مغرب کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی،عمران خان پشاور میں دہشتگردی کے ہولناک واقعے کے بعد پشاور پہنچے جہاں پر انہوں نے ہسپتالوں میں جاکر زخمیوں کی عیادت کی بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پشاور میں ہونے والا سانحہ کسی قیامت سے کم نہیں،ایک باپ ہوتے ہوئے ان بچوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہوں،سکول پر حملہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی،دہشتگردوں نے جس طرح پلاننگ سے معصوم بچوں کو شہید کیا اور چن چن کر مارا،ایسا کوئی انسان نہیں کرسکتا کوئی پاگل یا درندہ ہی کرسکتا ہے،اگر ان کی کوئی دشمنی ہے تو جوانوں سے لڑیں،معصوم بچوں کو کیوں نشانہ بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی بیان بازی کا نہیں آج نہ صرف بلکہ پوری انسانیت دکھ میں ہے،اس سانحہ پر سیاسی بیان بازی نہیں ہونی چاہئے،ہم سیاست سے الگ ہوکر سوچیں یہ کسی ایک کی نہیں ہم سب کی ناکامی ہے،آج قوم اکٹھی ہو صوبائی اور وفاقی حکومت اور فوج مل کر طے کرے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کیسے جیتنی ہے،اگر قوم فیصلہ کرے تو کوئی چیز ناممکن نہیں،قوم ارادہ کرلے تو سب کچھ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے خون کے عطیات دینے پر خوشی ہے،اب خون وافر ہے مزید خون کی ضرورت نہیں ہے۔ایسے واقعات پر قوم اکٹھی ہوتی ہے،اس واقعہ کی تحقیقات ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ جہاں حادثہ ہوا وہ کینٹ ایریا اور آرمی کی نگرانی میں ہے تاہم یہ ہم سب کی ناکامی ہے بچے سب کے ہیں،صوبائی حکومت نے صوبے میں3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے،عمران خان نے کہا کہ سانحہ کے بعد تحریک انصاف نے18دسمبر کو ملک گیر احتجاج ملتوی کردیاہے اور مذاکرات کی تاریخ بھی آگے بڑھا دی ہے،ہم نے انتخابات کے بعد قومی مفاد میں نتائج کو تسلیم کیا تھا اور نوازشریف سے کہا تھا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے 4حلقے کھول دیں تاکہ مستقبل میں ایسا نہ ہو یہ الگ معاملہ ہے لیکن دہشتگردی کے خلاف ہم نے ہر سطح پر وفاق کا ساتھ دیا اور کہا کہ اس جنگ میں ہم اکٹھے ہیں ۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پشاور میں معصوم بچوں کے قتل عام کی ذمہ داری قبول کرنے پر تحریک طالبان پاکستان کی شدید مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی اور تاک تاک کر معصوم بچوں کے قتل سے زیادہ سفاک اور خوفناک اقدام کبھی نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ اس نوعیت کی درندگی کے خلاف اکٹھا ہوا جائے اور افواج پاکستان کے ساتھ وفاقی و صوبائی حکومتیں ایک صفحہ پر آئیں اور ملک کو دہشت گردی کے چنگل سے چھڑانے کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔

چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق وقت آن پہنچا ہے کہ ایسے واقعات کی مذمت اور متاثرین کیلئے امدادی رقوم کے اعلانات سے بالاتر ہوا جائے۔ اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے کل شام ساڑھے چھ بجے آزادی چوک میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے قوم کو دعوت دی۔

متعلقہ عنوان :