دہشت گرد سن لیں اپنے بچوں کے ایک ایک قطرے کے خون کا حساب لیں گے‘ وزیراعظم ،ساری قوم دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو،بیان ،سانحہ پشاور، یہ ظلم کے ساتھ ساتھ پرلے درجے کی بزدلی ہے،نواز شریف،دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا‘ زیادہ سفر مکمل کر لیا، تھوڑا رہ گیا ہے،قوم کو یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا،فوج کے ساتھ مل کرشہداء کے لواحقین کے لئے معاوضہ کا فیصلہ کریں گے،وزیراعظم کی پشاور پہنچنے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 دسمبر 2014 08:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد سن لیں ہم اپنے بچوں کے ایک ایک قطرے کے خون کا حساب لیں گے‘ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو پوری قومکی حمایت حاصل ہے۔ پاک سرزمین دہشت گردی کیلئے تنگ کردی جائے گی آپریشن ضرب عضب کو قوم کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

دہشت گردی کے اس واقعے نے قوم کو ایک نیا عزم دیا ہے انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ تقسیم کی لکیریں ختم کردی جائیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ظلم کے ساتھ ساتھ پرلے درجے کی بزدلی ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا‘ زیادہ سفر مکمل کر لیا، تھوڑا رہ گیا ہے،قوم کو یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا،فوج کے ساتھ مل کرشہداء کے لواحقین کے لئے معاوضہ کا فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والے سکول کے بچے میرے بچے ہیں۔منگل کے روز آرمی پبلک سکول پر دہشت گردی کے حملے کے بعد پشاور پہنچنے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پاک فوج سے ملکر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا تو آپریشن میں حکومت کی طرف سے پاک فوج کو مکمل حمایت حاصل ہے۔ آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج نکلے ہیں، ہمسایہ ملک افغانستان سے بھی بات ہوئی ہے کہ دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کریں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور ہمارے حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکتے، قوم کو تذبذب کا شکار نہیں ہونا چاہیے، اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے ضرب عضب آپریشن کا زیادہ سفر مکمل کرلیا ہے کم رہ گیا ہے،قوم کو متحد اور یکجان ہو جانا چاہئے،تذبذب کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کررہا ہوں شہداء کے لواحقین کے ساتھ جو تعاون ہوا کریں گے۔ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور فوج کے مشورہ سے لواحقین کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا جائے گا تاکہ لواحقین کو مطمئن کیا جا سکے۔بعد ازاں وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان سانحہ پشاور کے حوالے سے ملاقات ہوئی ہے ۔

اس ملاقات میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے بھی شرکت کی۔ملاقات میں سانحہ پشاور سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس سانحے نے قوم کو نیا عزم دے دیا ہے۔جبکہ میاں نواز شریف نے دہشت گردوں کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد سن لیں ، ہم اپنے بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔