لاہر کی شاہرات کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے چاروں طرف سے بلاک کرکے ہسپتالوں میں مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسوں کو بھی راستہ نہیں دیا جس کے باعث 3 مریض گاڑیوں میں ہی دم توڑ گئے

منگل 16 دسمبر 2014 09:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء)صوبائی دارالحکومت کی شاہرات کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے چاروں طرف سے بلاک کرکے ہسپتالوں میں مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسوں کو بھی راستہ نہیں دیا جس کے باعث 3 مریض گاڑیوں میں ہی دم توڑ گئے۔ اس کی ذمہ دار تحریک انصاف کے عمران خان پر عائد ہوتی ہے۔ اس سارے سانحات پر ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

یہ بات صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہدہ اور ٹھوکر نیاز دو ایسے پوائنٹ ہیں جہاں سے دور دراز کے علاقوں سے لائے جانے والے مریضوں کو شہر کے ٹیچنگ ہسپتالوں مین علاج معالجہ کے لئے منتقل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہدہ کے مقام پر ایک 7 سالہ بچی عمرانہ کو ایمبولینس چلڈرن ہسپتال لے کر آرہی تھی احتجاجی مظاہرین کے راستہ نہ دینے کے باعث ایمبولینس میں ہی دم توڑ گئی۔

(جاری ہے)

اس طرح جوڑے پل سے ایک شخص اسلم کو شدید علالت کے باعث ایمبولینس میں لایا جا رہا تھا مگر وہ بھی ہسپتال پہنچنے سے قبل جاں بحق ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 18 مقامات پر احتجاج کرنے کا وعدہ کیا تھا جبکہ شہر کے 40 راستوں کو بند کرکے پورے شہر کو مکمل سیل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث 3 جانیں ضائع ہو گئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کی تمام تر ذمہ داری تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر عائد ہوتی ہے۔ اس لئے کہ ان کی کال پر ہی یہ سب کچھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر سے ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے اس کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ جو تحقیقات کرکے رپورٹ مرتب کرے گی اس کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔