عمران خان کو چاہئے کہ وہ احتجاج کی بجائے حکومت سے مذاکرات پر توجہ دیں ،مصدق ملک ، دھرنوں اور احتجاج سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے قوم کو متحد ہوجانا چاہئے۔بجلی کے منصوبے بروقت مکمل ہوں گے تو اس سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا،وزیراعظم کے ترجمان کی سرکاری میڈیا سے بات چیت

منگل 16 دسمبر 2014 08:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء)وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کو چاہئے کہ وہ احتجاج کی بجائے حکومت سے مذاکرات پر توجہ دیں کیونکہ دھرنوں اور احتجاج سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔پیر کو سرکاری میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو قربان کرنا چاہئے اور انارکی کی سیاست نہیں کرنی چاہئے کیونکہ اس سے ملک متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے مخصوص جگہوں پر ہونے چاہئیں تاکہ عام آدمی ان سے متاثر نہ ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے مختلف منصوبوں کیلئے چالیس ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری سے ملک میں خوشحالی آئے گی،گوادر بندرگاہ کا منصوبہ چین کے تعاون سے مکمل ہوگا اور پاک چین اقتصادی راہداری سے ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے قوم کو متحد ہوجانا چاہئے۔بجلی کے منصوبے بروقت مکمل ہوں گے تو اس سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے چین،روس،جرمنی اور دیگر ملکوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہوگا