وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے سراج الحق کی ملاقا ت،ملک میں جاری بحران ، اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیاگیا ،دونوں فریقین نے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کرکے سیاسی پختگی کا ثبوت دیا ، توقع ہے فریقین سیاسی معاملات کو مذاکرات کی میز پر حل کرینگے،الیکشن ریفارمز ایسی ہونی چاہئیں کہ اگر کوئی دھاندلی کرنا چاہے بھی تو اس میں کامیاب نہ ہوسکے ‘ امیر جماعت اسلامی کی ملاقات میں گفتگو ،سراج الحق کی سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک سے بھی ملاقات ،مذاکراتی عمل تیزی سے آگے ،نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا

منگل 16 دسمبر 2014 08:45

اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اسلام آباد میں میں امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق نے ملاقا ت کی ۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقا ت میں ملک میں جاری بحران اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیاگیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فریقین کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کرکے سیاسی پختگی کا ثبوت دیا ہے،انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ فریقین سیاسی معاملات کو چوکوں اور چوراہوں کی بجائے پرامن طور پر مذاکرات کی میز پر حل کریں گے۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتخابی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ریفارمز ایسی ہونی چاہئیں کہ اگر کوئی دھاندلی کرنا چاہے بھی تو اس میں کامیاب نہ ہوسکے اور انتخابی نظام ایسا ہونا چاہئے جس میں دھاندلی کی کوئی گنجائش نہ رہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔

عدالتوں کو آزادانہ فیصلوں کا اختیار ہونا چاہئے اور کوئی فرد بھی خواہ وہ کسی اعلیٰ ترین منصب پر ہی فائز کیوں نہ ہوقانون سے بالا نہیں ہونا چاہئے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سعودی عرب میں نامکمل دستاویزات کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہزاروں پاکستانی شہریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت سعودی عرب کی جیلوں میں بند پاکستانیوں کی فوری رہائی اور انہیں پاکستان لانے کے انتظامات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی جیلوں میں بند لوگوں کے کیس سنے جارہے ہیں اور نہ انہیں صفائی کا موقع دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں قیدی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں ان کے علاج معالجے کا بندو بست کیا جانا ضروری ہے ۔دریں اثنا ء امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اسلام آباد میں سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک سے بھی ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین مذاکرات کے ذریعے ہی معاملات حل کریں ۔ دونوں رہنماؤں نے مذاکراتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے اور نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔