سپیکر قومی اسمبلی نے این اے 122 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے الیکشن ٹر بیونل کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

منگل 16 دسمبر 2014 08:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے لاہور سے قو می اسمبلی حلقہ انتخاب این اے 122 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے الیکشن ٹر بیونل کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں کو چیلنج کردیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم عوامی نمائندگی کے قانون کی دفعہ 55 کے خلاف ہے۔

جبکہ عمران خان نے این اے 122 کی سیٹ چھوڑ دی تھی،وہ اس سیٹ سے امیدوارہی نہیں،اس لئے ان کی این اے122کے حوالے سے درخواست غیرآئینی ہے۔، الیکشن ٹریبونل نے صرف عمران خان کی شہادت پر یکطرفہ حکم جاری کیا، اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ این اے 122 پر سردار ایاز صادق نے عمران خان کو شکست دی تھی تاہم عمران خان کی درخواست پر الیکشن ٹریبونل نے اس حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور ان کی تصدیق کا حکم دیا ہے۔

سردارایازصادق کے وکیل بیرسٹراسجدسعید نے کہا ہے کہ عمران خان این اے 122 کی سیٹ چھوڑ چکے ہیں،اس لئے اس حلقے کے حوالے سے درخواست دائرکرنا عمران خان کا حق نہیں،ان کی درخواست غیرآئینی ہے۔سردارایازصادق کے وکیل کا کہناتھا کہ انہیں الیکشن ٹربیونل پر اعتماد ہے مگر فیصلے پرنہیں،عدالتیں خواہشوں پر فیصلے نہیں کرتیں،ان کی درخواست ہے کہ عدالت شواہد سامنے رکھ کرفیصلہ کرے۔