انصاف نہ ملا اور حکومت مذاکرات کی میز پر نہ بیٹھی تو پلان ڈی تیار ہے‘ عمران خان ،ہم انصاف کے حصول کے بغیر سڑکوں سے نہیں جائیں گے، لاہور کے عوام نے ثابت کر دیا ہے 2013ء کا الیکشن نواز شریف نے دھاندلی سے جیتا تھا، حکومت کے پاس جوڈیشل کمیشن بنانے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ‘ جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو حکومت چلانا مشکل ہوجائے گا‘ تحریک انصاف آصف زرداری اور نواز شریف کا احتساب کرنے آئی ہے‘ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے‘ رانا ثناء اللہ حق نواز کا قاتل ہے‘ فوری گرفتار کیا جائے‘ تحریک انصاف کے کارکن خواتین کارکنوں اور صحافیوں کی حفاظت کریں‘ (ن) لیگ نے الیکشن جیتے ہیں تو پھر گنتی کرانے سے کیوں ڈرتی ہے،چیئرنگ کراس پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب

منگل 16 دسمبر 2014 08:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انصاف نہ ملا اور حکومت مذاکرات کی میز پر نہ بیٹھی تو پلان ڈی تیار ہے‘ ہم انصاف کے حصول کے بغیر سڑکوں سے نہیں جائیں گے، لاہور کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ 2013ء کا الیکشن نواز شریف نے دھاندلی سے جیتا تھا، تحریک انصاف 2013ء کے الیکشن کا احتساب چاہتی ہے، حکومت کے پاس جوڈیشل کمیشن بنانے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ‘ جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو حکومت چلانا مشکل ہوجائے گا‘ تحریک انصاف آصف زرداری اور نواز شریف کا احتساب کرنے آئی ہے‘ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے‘ رانا ثناء اللہ حق نواز کا قاتل ہے‘ فوری گرفتار کیا جائے‘ تحریک انصاف کے کارکن خواتین کارکنوں اور صحافیوں کی حفاظت کریں‘ (ن) لیگ نے الیکشن جیتے ہیں تو پھر گنتی کرانے سے کیوں ڈرتی ہے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کی رات چیئرنگ کراس پر کارکنوں کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ عمران خان ایئرپورٹ سے 6 گھنٹے سے زائد وقت میں شہر کے مختلف حصوں دیئے گئے دھرنوں میں شریک کارکنوں سے ملاقات کرکے چیئرنگ کراس پہنچے تھے ۔جبکہ ان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اعجازاحمدچوہدری ، عبدالعلیم خان، شیخ رشید بھی موجود تھے، ایئرپورٹ سے چیئرنگ کراس تک عمران خان کے جلوس میں سینکڑوں گاڑیاں شامل تھیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ان کے ساتھ پیدل رواں دواں رہے ۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن خواتین باالخصوص بچوں اور خواتین صحافیوں کی حفاظت کریں۔ اگر میڈیا ہمیں کوریج نہ دے تو ہم اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول کیلئے ڈیڑھ برس تک انتظار کیا۔ 124 دن تک پرامن اور طویل ترین دھرنا دیا۔ نواز شریف کے پاس اب دو ہی راستے ہیں ایک یہ کہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا جائے اور اگر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہ دیا گیا تو آپ حکومت نہیں کرسکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ قوم تبدیلی چاہتی ہے۔ عوام‘ خواتین‘نوجوان، بچے اور بزرگ اب باشعور ہوچکے ہیں۔ وہ جان چکے ہیں کہ کون ان کا پیسہ لوٹ کر سٹیٹس کو کی سیاست کررہا ہے اور کون تبدیلی چاہتا ہے۔ میں عوام اور تحریک انصاف کی جانب سے کہتا ہوں کہ 2013ء کے انتخابات کے احتساب کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے اور مذاکرات کی میز پر آیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ گو نواز گو کا نعرہ بچوں تک پہنچ چکا ہے۔ جو مرضی ہوجائے قوم اب انصاف کے بغیر سانس نہیں لے گی۔ عمران خان نے کہا کہ ہم آصف زرداری اور نواز شریف کا احتساب کرنے آئے ہیں۔ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔ عوام نے مسلسل سڑکوں پر نکل کر یہ ثبوت دے دیا ہے کہ وہ اب تبدیلی چاہتے ہیں اور اب انہیں مزید بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

لاہوریوں نے ثابت کردیا کہ حکمرانوں نے دھاندلی کی اور ان کا مینڈیٹ چوری کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کا الیکشن تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ تھا۔ ہم ملک میں صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ 48 گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر (ن) لیگ نے الیکشن جیتے ہیں تو پھر گنتی کرانے سے کیوں ڈرتی ہے۔ ہم (ن) لیگ کی جانب سے عدالت سے مسلسل سٹے آرڈر لینے سے تنگ آچکے ہیں۔

عمران خان نے خواتین‘ بزرگوں‘ بچوں‘ میڈیا‘ تاجر برادری‘ نوجوانوں اور ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے بڑے مقصد کیلئے ایک دن کی قربانی دے کر ثابت کردیا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ رانا ثناء اللہ فیصل آباد میں شہید ہونے والے حق نواز کا قاتل ہے۔ اگر ماڈل ٹاؤن واقعہ میں رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر جیل میں ڈالا جاتا تو حق نواز شہید نہ ہوتا۔

عمران خان نے مطالبہ کیا کہ رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ اگر انتخابات کے احتساب کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل نہ دیا گیا اور نواز شریف مذاکرات کی میز پر نہ آیا تو تحریک انصاف کا پلان ڈی بھی تیار ہے۔