مسلم لیگ (ن) نے فیصل آباد جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے لاہور میں اپنے ارکان اسمبلی اور کارکنوں کو سڑکوں پر آنے سے روک دیا

پیر 15 دسمبر 2014 07:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء ) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز نے بظاہر فیصل آباد جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے لاہور میں اپنے ارکان اسمبلی اور عہدے داروں سے کہا ہے کہ وہ پیر کے روزپی ٹی آئی کے شہر میں احتجاج کے موقع پر کارکنوں کو سڑکوں پر نہ آنے دیں۔ایک سینئر ن-لیگی رہنما نے ہفتہ کو وزیر اعلی شہباز شریف کے حوالے سے بتایا کہ وہ نہیں چاہتے کہ فیصل آباد جیسا واقعہ دوبارہ پیش آئے۔

'وزیر اعلی نے ہدایات دی ہیں کہ پیر کو کوئی پارٹی کارکن پی ٹی آئی مظاہرین کے 'سامنے نہ آئے۔انہوں نے ڈان کو مزید بتایا کہ پارٹی قیادت فیصل آباد میں پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کے طریقہ کار سے خوش نہیں۔'فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے دو دن پہلے مقامی قیادت بالخصوص رانا ثناء اللہ نے ن-لیگی کارکنوں کو سرگرم کیا تھا لیکن اب لاہور میں کوئی پارٹی لیڈر ایسا نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آٹھ دسمبر کو فیصل آباد میں احتجاج کے دوران (ن)لیگ کے کارکنوں کی مبینہ فائرنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن ہلاک ہو گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پرویز رشید، سعد رفیق، عابد شیر علی اور رانا ثناء اللہ جیسے سخت گیر رہنما(ہاکس) لاہور میں پی ٹی آئی کو فری ہینڈ دینے کے مخالف ہیں تاہم وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے درمیان کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی ہاکس نے شریف برادران کو مشورہ دیا ہے کہ پنجاب حکومت احتجاج سے نمٹنے کیلئے پولیس استعمال کرے کیونکہ عمران خان کو شہر میں فری ہینڈ دینے سے حکومت کی 'کمزوری' کا تاثر ملے گا۔'تاہم، وزیر اعلی اس مشورہ کے برعکس احتجاج سے نمٹنے کیلئے غیر مسلح پولیس تعینات کرنے پر غور کر رہیہیں'۔ن-لیگ کے ایک اور اندرونی ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی نے لاہور میں پارٹی قائدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ پیر کو پی ٹی آئی کے خلاف 'احتجاج' ریکارڈ کرنے کے غرض سے تاجروں کے بھیس میں اپنے کارکنوں کوبھیجنے سے باز رہیں۔

'ماڈل ٹاوٴن لاہور اور فیصل آباد جیسے واقعات سے سبق سیکھتے ہوئے شہباز شریف لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے حد درجہ احتیاط کر رہے ہیں'۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شہباز شریف نے احتجاج سے نمٹنے کیلئے حکومتی حکمت عملی پر 'وزیر قانون' رانا ثناء اللہ سے کوئی مشاورت نہیں کی۔یاد رہے کہ 30 نومبر اسلام آباد میں پی ٹی آئی ریلی سے نمٹنے کی حکمت عملی میں رانا ء ثنااللہ پیش پیش تھے۔پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور میں زبردستی بازار بند کرانے کی صورت میں پولیس کو حرکت میں آنے کے احکامات ملے ہیں تاہم عمران خان کہتے ہیں کہ ان کا احتجاج 12 دسمبر کوکراچی شٹ ڈاوٴن کی طرح پر امن ہو گا۔