پارٹی کے کچھ لو گ زمینوں کے قبضوں میں ملوث ہیں، الطاف حسین ، ملوث لوگوں کو ایم کیوایم سے وابستگی کی خاطر معاف نہ کیاجائے، ایم کیوایم کے سیکٹر انچارجز اور یونٹس انچارجز سے ٹیلی فون پر گفتگو

پیر 15 دسمبر 2014 07:46

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مجھے یہ اطلاعات ملی ہیں کہ پارٹی کے کچھ بڑے لوگوں کے ساتھ پرانے سیکٹر اور یونٹ کمیٹیوں کے لوگ زمینوں کے بالواسطہ یا بلواسطہ قبضو ں میں ملوث ہیں اور قبضہ سازی کرنے والے گروہوں کو پولیس اہلکاروں اور ایک طاقتور خفیہ ایجنسیوں کے لوگوں کی حمایت بھی حاصل ہے اور وہ اب تک خفیہ طریقوں سے زمینوں کے الٹے پلٹے چکروں میں ملوث ہیں۔

یہ بات انہوں نے اتوار کے روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کے سیکٹر انچارجز اور یونٹس انچارجز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔ الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے کہا کہ جو بھی زمینوں کے ہیر پھیر اور قبضہ سازی میں ملوث پایاجائے تو ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے اگر ایم کیوایم کے پرانے یانئے لوگ ابھی تک زمینوں پر قبضے کے گھناؤنے اور غیر قانونی کاروباراور قبضہ سازی میں ملوث ہوں تو انہیں ایم کیوایم سے تحریکی وابستگی کی خاطر قطعی معاف نہ کیاجائے ،خواہ اس میں گورنر سندھ عشرت العباد اور الطاف حسین کے بھائی ہی کیوں شامل نہ ہوں اور ایسے تمام لوگوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ حق پرست ارکان قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو ٹاؤنز کی جانب سے گاڑیاں اور دیگر مراعات ملی ہوئی ہیں اور وہ پیٹرول بھی مفت کا حاصل کررہے ہیں لیکن علاقے میں عوام کے درمیان وہ کہیں دیکھے نہیں جاتے اور نہ ہی عوام کے مسائل سنتے نظر آتے ہیں ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ایسے تمام لوگ فوری طور پر اپنی اصلاح کرلیں ورنہ گیہوں کے ساتھ گھن بھی پستا ہے اور پھر سینیٹ سے لیکر صوبائی اسمبلی بشمول قومی اسمبلی ایک ساتھ سب کو استعفے دینے پڑینگے۔